حیدرآباد۔/21جنوری، ( سیاست نیوز) ایران میں اوقاف اور فلاحی اُمور سے متعلق تنظیم کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آج وزیر اقلیتی بہبود محمد احمد اللہ سے ملاقات کی۔ جناب علی محمدی صدر نشین آرگنائزیشن فار وقف اینڈ چیاریٹبل افیرس ایران کی قیادت میں وفد نے ریاست میں اوقافی جائیدادوں اور اردو زبان کے فروغ کیلئے میں حکومت کے اقدامات سے معلومات حاصل کی۔ ملاقات کے دوران فریقین کی جانب سے دونوں ممالک کے ثقافتی رشتوں کے استحکام کیلئے وفود کے تبادلے سے اتفاق کیا گیا۔ ایرانی وفد میں وقف اینڈ چیاریٹبل آرگنائزیشن کے ارکان احمد شریف، گونابادی، محمد مہدی حاتمی، حسین اجداری، ولی اللہ یار احمدی( سربراہ قرآن افیرس) ، حسن رباعی ڈائرکٹر جنرل انٹرنیشنل افیرس برائے وقف شامل تھے۔ قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد آقا حسن نوریان نے وزیر اقلیتی بہبود سے وفد کا تعارف کرایا۔ وزیر اقلیتی بہبود احمد اللہ کے علاوہ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، کمشنر اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال، منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور، سروے کمشنر وقف حسن علی بیگ اور دیگر موجود تھے۔ وفد کے ارکان نے دونوں ممالک کے درمیان روایتی اور قدیم دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہند۔ ایران تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ہی تعلقات کے استحکام کی مساعی کی۔
وفد کے ارکان نے حیدرآباد اور ایران کی روایتی دوستی کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ حیدرآباد میں ایرانی طرزِ تعمیر کی کئی شاہکار عمارتیں موجود ہیں۔ وفد نے حیدرآباد میں ایرانی عوام اور طلبہ کی کثیر تعداد کا بھی ذکر کیا اور ثقافتی اور تعلیم کے شعبہ میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مزید استحکام کی اُمید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی مختلف یونیورسٹیز میں موجود بہتر تعلیم کے مواقع سے ایرانی طلبہ استفادہ کے خواہاں ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود اور کمشنر اقلیتی بہبود نے ریاست میں اوقافی جائیدادوں کی تفصیلات اور ان کے تحفظ کیلئے اقدامات سے واقف کرایا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے اردو اکیڈیمی کی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ ایرانی وفد نے بتایاکہ ایران کی یونیورسٹیز میں اردو کی تعلیم کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے تعلیمی شعبہ سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے وفد کو دورہ ایران کی دعوت دی۔ وزیر اقلیتی بہبود احمد اللہ نے اقلیتی بہبود کے سلسلہ میں حکومت کی دلچسپی اور اردو، فارسی زبانوں کی ترقی اور تاریخی عاشور خانوں کے بارے میں واقف کرایا۔
انہوں نے کہا کہ وہ مختلف شعبوں کے ذمہ داروں کے ساتھ ایران کا بہت جلد دورہ کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے ثقافتی رشتوں کو مزید مضبوط کیا جاسکے۔ اس ایرانی وفد نے وزیر اقلیتی بہبود کو ایران کے تحائف پیش کئے جبکہ وزیر اقلیتی بہبود نے بھی وفد کے ارکان کو تہنیت پیش کی۔ قونصل جنرل ایران حسن نوریان نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، ثقافتی اور سیاحتی رشتوں کے استحکام کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد کے کئی صنعتکار ایران میں صنعتوں کے قیام میں دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ گزشتہ دنوں ایران کے ایک تجارتی وفد نے حیدرآباد کا دورہ کیا اس کے علاوہ دہلی میں متعین ایرانی سفیر نے حیدرآباد میں آندھراپردیش چیمبر آف کامرس کے نمائندوں سے ملاقات کی۔وزیر اقلیتی بہبود نے وفد سے خواہش کی کہ وہ حیدرآباد کے تاریخی عاشور خانوں کا دورہ کریں۔