ہند۔ امریکہ نیوکلئیر معاہد ہ پر عمل کی راہ ہموار

نئی دہلی 20 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور امریکہ نے نیوکلئیر معاملت کے سلسلہ میں انتظامی ارینجمنٹس کے دستاویزات کی تبدیلی کا عمل شروع کردیا ہے جس کے نتیجہ میں سات سال قبل طئے پائے معاہدہ پر عمل آوری کی راہ ہموار ہوگی ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضروری داخلی عمل کے بعد ہندوستان کے محکمہ جوہری توانائی اور امریکہ کے محکمہ توانائی کے مابین دستخط شدہ مواد کا تبادلہ عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ انتظامی اقدامات کے مسودہ جات کو جاریہ سال جنوری میں امریکہ کے صدر بارک اوباما کے دورہ ہند کے موقع پر قطعیت دی گئی تھی جس میں ہند ۔امریکہ نیوکلئیر معاملت پر عمل آوری سے متعلق شرائط و ضوابط تحریر ہیں۔ ان اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہ جاپان ہند ۔ امریکہ نیوکلئیر معاملت پر فیول ٹراکنگ مسئلہ پر عمل آوری کی مخالفت کر رہا ہے سید اکبر الدین نے کہا کہ اس ادعا میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔ امریکہ کے ساتھ انتظامی اقدامات اور جاپان کے ساتھ ہندوستان کی بات چیت کے مابین کسی بھی رابطہ سے متعلق اطلاعات محض قیاس آرائیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ بات چیت کا کوئی مرحلہ فی الحال نہیں ہے تاہم ہندوستان اور جاپان کے مابین سیول نیوکلئیر تعاون پر بات چیت وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے جاپانی ہم منصب شینزو ابے کی ہدایات کے مطابق جاری ہے ۔ دونوں قائدین نے ستمبر 2014 میں ملاقات کی تھی ۔