واشنگٹن ، 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور امریکہ مل جل کر کام کرے تو بہت کچھ کارہائے نمایاں انجام دے سکتے ہیں، صدر براک اوباما نے یہ بات کہی جبکہ وہ ہندوستان کے نئے سفیر ایس جئے شنکر کا یہاں استقبال کررہے تھے ۔ کل وائیٹ ہاؤس کے اوول آفس میں منعقدہ رسمی تقریب کے دوران اوباما نے جئے شنکر کا واشنگٹن میں پرجوش استقبال کیا اور اُن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی انجام دے پائیں گے ۔
ہندوستانی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہاکہ امریکی صدر نے زور دیا کہ دونوں ملکوں کو مل جل کر کام کرنا چاہئے ۔ جئے شنکر نے صدر اوباما کے لئے اپنے ریمارکس میں ہندوستان کے صدر جمہوریہ اور وزیراعظم کی طرف سے انھیں اور اُن کی شریک حیات مشیل کیلئے نیک تمنائیں پیش کیں ۔جئے شنکر نے اوباما کو یقین دلایا کہ وہ باہمی رشتہ کے کلیدی ستونوں کو وسعت دینے کے اپنے عہد پر کاربند رہیں گے جس کے تحت معاشی تعلقات اور تجارتی روابط ، دفاع و سلامتی ، توانائی ، سائنس اور ٹکنالوجی اور عالمی مسائل کے مختلف شعبوں میں مل جل کر کام کرتے ہوئے باہمی رشتہ کو فروغ دیں گے ۔ جئے شنکر کے ساتھ اوباما نے دیگر نئے سفراء کے کاغذات تقرر بھی قبول کئے جن میں پاکستان ، تیونس ، پاپوانیوگینی ، بیلجیم اور قطر کے سفیر شامل ہیں۔ پاکستان کے سابق معتمد خارجہ جلیل عباس جیلانی نئے سفیربنے ہیں۔