ہند۔یو اے ای کے درمیان 20 ارب ڈالر کی شراکت داری پر اتفاق

نئی دہلی۔28 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اگلی دہائی کے دوران تقریبا 20 ارب ڈالر کی شراکت داری کے مفاہمت نامہ پر دستخط کئے ہیں۔ وزارت تجارت و صنعت کے مطابق اس سے متعلق مفاہمت نامہ پر انویسٹ انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر دیپک باگلا اور متحدہ عرب امارات کے آرٹیفیشیل انٹلیجنس کے وزیر عمر بن سلطان نے جمعہ کی شام دستخط کئے ۔ اس کے تحت دونوں ممالک اگلی دہائی میں آرٹیفیشیل ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون کریں گے ۔ اگلی دہائی کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تقریبا 20 ارب ڈالر کی شراکت ہوگی اورآرٹیفیشیل انٹلیجنس اور تجزیات کے میدان میں تیزی سے ترقی ہوگی۔ ڈیٹا کی تدوین اور اس کی پروسیسنگ میں تیزی آئیگی، جو کاروبار کی ترقی اور جدت کو فروغ دینے میں مفید ثابت ہوگا۔ اس سے خدمات کی فراہمی کا نظام زیادہ فعال اور مؤثر ہوگا۔ سال 2035 ء تک ہندوستانی معیشت میں آرٹیفیشیل انٹلیجنس کے ذریعے 957 ارب ڈالر کی شراکت ہوگی۔ اس موقع پر مرکزی تجارت وصنعت کے وزیر سریش پربھو نے ٹیکنالوجی پر مبنی نظام کو قابل عمل بنانے کیلئے کی گئی پہل کی تعریف کی اور ساتھ ہی آرٹیفیشیل انٹلیجنس کے میدان میں یو اے ای کے ساتھ تعاون کے ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔