’ہند۔پاک کشیدگی سے سالانہ 35 ارب ڈالر کا نقصان ‘

واشنگٹن۔26 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) عالمی بینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے دونوں ملکوں کو سالانہ تجارت کی مد میں 35 ارب ڈالر کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا میں دنیا کا سب سے کم معاشی انضمام پایا جاتا ہے، عالمی بینک نے ہندوستان اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ محاذ آرائی کے بجائے مصنوعی رکاوٹیں گراکر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کی صورت میں جنوبی ایشیا کی ان دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان تجارت کا حجم موجودہ 2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 37 ارب ڈالر ہو سکتا ہے۔ عالمی بینک کے مطابق محصولاتی اور غیر محصولاتی رکاوٹیں ختم کرنے سے جنوبی ایشیائی ملکوں کے مابین تجارت 23ارب ڈالر سے بڑھ کر 67 ارب ڈالر ہوسکتی ہے۔