ہند۔پاک وزرائے خارجہ کی نیویارک میں ملاقات ممکن

نئی دہلی، 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کے وزراء خارجہ کی درمیان نیویارک میں قوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران الگ سے ملاقات ہوگی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے آج یہاں پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ میٹنگ کی تاریخ اور وقت دونوں فریقوں کے درمیان باہمی رضامندي سے بعد میں طے کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس میٹنگ کے لئے اپیل کی تھی جسے ہندوستان نے قبول کرلیا ہے ۔ اس سوال پر کہ میٹنگ کا ایجنڈا کیا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ابھی صرف ملاقات ہونی ہے ، موضوع طے نہیں ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر وزیر خارجہ سشما سوراج اور پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے درمیان اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران میٹنگ کی تجویز پیش کی تھی ۔ انہوں نے یہ خط مودی کو اس مبارک بادی خط کے جواب میں لکھا تھا جو انہوں نے عمران خان کے وزیر اعظم بننے پر بھیجا تھا۔ مودی نے اس میں دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے لئے مثبت ماحول پیدا کرنے کے بارے میں بات کہی تھی ۔