ہند۔پاک قومی سلامتی مشیران کی ملاقات نہیں ہوئی : حکومت

نئی دہلی ۔ 24  فبروری۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج کہا کہ جنوری میں پٹھان کوٹ حملے کے بعد پیرس میں قومی سلامتی مشیر اجیت دیول اور ان کے پاکستانی ہم منصب لیفٹنننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نصیرخان جنجوعہ کے درمیان کوئی ملاقات نہیں ہوئی ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے ٹوئٹر پر اس خبر کی تردید کی ہے کہ ہم اس ملاقات کے تعلق سے آنے والی اطلاع کو مسترد کرتے ہیں ۔ میڈیا رپورٹ پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ اجیت دیول اور ان کے پاکستانی ہم منصب نے پیرس میں کوئی ملاقات نہیں البتہ یہ دونوں پٹھان کوٹ دہشت گرد حملے کے بعد فون پر بات چیت کرتے رہے ہیں۔ اخباری اطلاع میں بتایا گیا ہے کہ اجیت دیول نے جنوری کے دوسرے ہفتہ میں پیرس میں جنجوعہ سے ملاقات کی تھی اور یہ ملاقان پٹھان کوٹ حملے کے دوسرے ہفتہ میں ہی کی گئی تھی ۔ واضح رہے کہ پٹھان کوٹ حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے ۔ باہمی مذاکرات کیلئے جاری کوششوں کو بھی دھکہ لگا تھا ۔