ہند۔قبرص کا دہشت گردی ،موسمیاتی تبدیلی پر تعاون کا عہد

مہمان وزیراعظم کے دورہ کا اختتام، دونوں ممالک کی ایک دوسرے کی سالمیت کیلئے تائید
نئی دہلی، 29اپریل (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان اور قبرص نے آج عہد کیاہے کہ وہ ہند۔ یورپی یونین اسٹراٹیجک شراکت داری کو مضبوط کریں گے اور بین الاقوامی دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی جیسے اہم عالمی امور پر ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں گے ۔ قبرص کے صدر نکوس اناستاسیاڈیس کے چار روزہ دورۂ ہند کے اختتام پر آج یہاں جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یورپی یونین کے رکن ممالک ہونے کے باعث قبرص مشترکہ اقدار اور اصولوں کی بنیاد پر ہند۔یوروپی یونین اسٹراٹیجک پارٹنرشپ کو مضبوط کرنے کے تئیں اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کرتا ہے جو ہند۔ یورپی یونین ایجنڈہ 2020 کی ترجیحات میں شامل ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں وزرائے اعظم نے محسوس کیا کہ ہندوستان اور یورپی یونین معروف عالمی مسائل جیسے بین الاقوامی دہشت گردی سے مقابلہ، موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے سمیت متعدد اموررپر ایک ساتھ مل کر کام کر سکتے ہیں۔ بیان کے مطابق اناستاسیاڈیس اور وزیراعظم نریندر مودی نے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور انہوں نے سیاسی،اقتصادی، کاروباری اور ثقافتی میدان میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور اس میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔مودی نے قبرص کی آزادی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اتحاد کے لئے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔