ہند۔امریکہ ٹریڈ کے فروغ کیلئے اشتراک کی ضرورت

فیاپسی کے وفد کی امریکی قونصل جنرل سے ملاقات
حیدرآباد 8 مارچ (سیاست نیوز) فیاپسی کے صدر مسٹر شیو کمار رنگٹا کے زیرقیادت ایک وفد نے حال میں امریکی قونصل جنرل میکائیل مولینس سے امریکی قونصلیٹ آفس حیدرآباد میں ملاقات کی اور اُنھیں فیاپسی کی سرگرمیوں کے بارے میں واقف کروایا اور امریکہ اور ہندوستان کے عوام کے لئے بزنس مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی قونصل نے اس وفد کے ارکان کو بتایا کہ امریکہ، ہندوستان کو ایشیاء میں ایک فطری حلیف کے طور پر دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے عوام سے عوام کے رابطہ سے باہمی تعلقات کے استحکام میں مدد ملے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ دونوں حکومتوں اور خانگی شعبہ کو باہمی دلچسپی کے ٹریڈ اور کمرشیل اُمور میں تعاون و اشتراک کی ضرورت ہے تاکہ ٹریڈ اور سرمایہ کاری کے مواقع کے لئے راہ ہموار ہو۔ اُنھوں نے کہاکہ امریکی قونصلیٹ کی جانب سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے مختلف اضلاع کا دورہ کیا جارہا ہے تاکہ صنعت کاروں سے بات چیت کی جائے اور امریکہ اور ہندوستان کے درمیان ٹریڈ کو فروغ دینے کیلئے ٹریڈ اور سرمایہ کاری کے مواقع کو سمجھا جائے۔