ہند۔امریکہ دفاعی تجارت میں زبردست اضافہ ممکن

واشنگٹن۔25جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور امریکہ اپنے دفاعی چوکھٹا معاہدہ میں مزید 10سال کی توسیع کیلئے تیار ہیں ۔ جب کہ دونوں ممالک کی باہمی دفاعی تجارت میں کئی گنا اضافہ ممکن ہے ۔ امریکہ کے ایک اعلیٰ سطحی رکن مقننہ نے یہ بھی کہا کہ دفاع کاشعبہ ہند۔امریکہ دفاعی تعلقات کا کلیدی حصہ ہوگا ۔ ہندوستان نہ صرف جنوبی ایشیاء میں بلکہ عالمی گیر سطح پر ایک اہم ملک ہے ۔ ایوان کی طاقتور مسلح افواج کمیٹی کے صدر نشین میک تھرن بیری نے کہا کہ دونوں ممالک بحیثیت مجموعی مختلف قومی سلامتی کے مسائل کی یکسوئی کیلئے جدوجہد کریں گے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اشارہ دیا ہے کہ وہ ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات کو ایک نئی جہت دیں گے ۔ صدر امریکہ بارک اوباما کو یوم جمہوریہ تقریب کا مہمان خصوصی بناکر انہوں نے واضح کردیا ہے کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں قائدین ان کو نئی بلندی پر پہنچادیں گے ۔ امریکہ کی 12سے زیادہ کاروباری اور صاف ستھری برقی توانائی کی تنظیموں نے صدر امریکہ بارک اوباما سے اپیل کی ہے کہ وہ ’’پاور انڈیا ‘‘ پہل کا آغاز کریں ۔ سیرا کلب کی زیرقیادت ایک گروپ نے اپنے مکتوب میں اس پہل کے مقاصد کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے حکومت ہند کی صاف ستھری برقی توانائی کے استعمال کی جستجو میں مدد ملے گی اور ملک کے کئی پُرعزم صاف ستھری توانائی کے مقاصد حاصل ہوسکیں گے۔ صدر اوباما اور وزیراعظم مودی کامیابی سے اس اقدام پر عمل آوری کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ وہ اس بات کو یقینی بناسکتے ہیں کہ کروڑوں افراد کو محفوظ ‘ قابل اعتماد برقی توانائی تک رسائی حاصل ہوسکے ۔اس طرح 100فیصد برقیائی ہوئی دنیا اور زیادہ صحت مند دنیا کے مقاصد حاصل ہوسکتے ہیں ۔

اوباما کے دورہ ٔ ہند کا مقصد چین پر قابو پانا
بیجنگ۔25جنوری( سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباماکے دورہ ہند کا مقصد چینی دانشوروں کے خیال میں چین پر قابو پانے کی کوشش ہے ۔ یہ کسی صدر امریکہ کا دوسرا ہند ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ اس دورہ پر بیجنگ چوکس ہوگیا ہے اور اُس نے دورہ کے نتائج اور ان پر تبصروں پر گہری نظر رکھی ہے ۔ چینی دانشوروں کے خیال میں ہندوستان امریکہ کے پھندے میں نہیں پھنسے گا ۔ بارک اوباما کے نئی دہلی پہنچنے کی خبر سرکاری خبررساں ٹی وی چینل پر چین میں دکھائی گئی ۔ وزیراعظم نریندر مودی کو ایئرپورٹ پر صدر اوباما کا استقبال کرتے ہوئے دکھاگیا ہے ۔ اس سوال پر کہ اس سے چین پر کیا اثر پڑے گا ‘ چینی دانشوروں نے کہا کہ یہ ہند۔ امریکہ حکمت عملی کا ایک حصہ ہے جس کا مقصد اس علاقہ میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو قابو میں رکھنا ہے ۔ صدر امریکہ دوسری بار ہندوستان کا دورہ کرتے ہوئے سفارت کاری کا کوئی دقیقہ اٹھا نہیں رکھیں گے ۔