ہندی فلمیں اولین ترجیح : سونوسود

ممبئی ۔ 22 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بالی ووڈ اداکار سونوسود نے کہا کہ انہیں اپنی نئی فلم ہیپی نیوایر کا بے چینی سے انتظار ہے کیوں کہ اس میں انہیں شاہ رخ خاں کے ساتھ اداکاری کا موقع ملا ہے ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلمان خان کے ساتھ دبنگ میں ان کے کام کی بے حد ستائش ہوئی تھی ۔ البتہ دبنگ 2 کا حصہ بننے میں وہ ناکام رہے جس کا انہیں افسوس ضرور ہے لیکن کیا کریں ، کہیں نہ کہیں کسی نہ کسی کو تو ویلن کا رول کرنا ہی تھا ۔ سونوسود نے کہا کہ انہیں ہندی فلموں کے علاوہ جنوبی ہند کی تلگو اور ٹمل فلموں سے بھی ہمیشہ آفرس آتے رہتے ہیں اور انہوں نے کئی ہٹ تلگو فلموں میں بھی کام کیا ہے تاہم ان کی اولین ترجیح ہندی فلمیں ہیں اور اوپر والے کا کرم ہے کہ انہیں ہندی فلموں میں ایک سے بڑھ کر ایک رولز مل رہے ہیں جس سے وہ مطمئن ہیں ۔ سونوسود نے کہا کہ ان کی کامیڈی فلم انٹرٹینمنٹ میں انہوں نے پرکاش راج کے ساتھ اچھی جوڑی بنائی اور شائقین نے اس فلم کا بھر پور مزہ لیا ۔ اس طرح کی ہلکی پھلکی کامیڈی فلمیں کرنا بھی انہیں پسند ہے ۔ انہوں نے اپنے مداحوں سے کہا کہ جس طرح انہوں نے فلم ’ جودھا اکبر ‘ میں سونوسود کے کردار کی زبردست ستائش کی تھی بالکل اسی طرح ’ ہیپی نیو ایر ‘ میں بھی انہیں ہاتھوں ہاتھ لیں گے ۔