اردو یونیورسٹی میں ایف ٹی آئی آئی پونے کے فلم جائزہ کورس کا آغاز۔ بھوپیندر کینتھولا، پنکج سکسینہ و دیگر کی مخاطبت
حیدرآباد، 20؍ فروری (پریس نوٹ) ہندی سنیما کو مقبول عام بنانے میں اردو کا کلیدی رول رہا ہے۔ اُردو زبان کی مٹھاس کے باعث خوبصورت نغموں، بہترین اسکرپٹس اور جاندار مکالمے تحریر کرنے میں مدد ملتی ہے۔ جو فلموں کی مقبولیت کا باعث بنتے ہیں۔ لوگ جسے ہندی سمجھ کر محظوظ ہوتے ہیں اس میں زیادہ تر الفاظ اور ترکیبیں اردو کی ہوتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار، مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی نے آج 5 روزہ فلم جائزہ (فلم اپریسی ایشن) کورس کے افتتاحی اجلاس میں کیا۔ اردو یونیورسٹی کے انسٹرکشنل میڈیا سنٹر (آئی ایم سی) اور فلم این ٹیلی ویژن انسٹیٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی)، پونے کے اشتراک سے یہ کورس منعقد ہو رہا ہے۔ اس مختصر مدتی کورس کو ایف ٹی آئی آئی کے بینر تلے SKIFT (ہندوستان میں فلم اور ٹیلی ویژن کی مہارت) کے تحت مختلف شہروں میں اہتمام کیا جارہا ہے۔ اسی اشتراک کے تحت دوسرا کورس موبائل فلم میکنگ پر ہوگا ۔
ڈاکٹر ایم اے سکندر نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بہتر طور پر تعلیم کی فراہمی ضروری ہے۔ اس سے بہتر فلمیں بنیں گی جو سماج کے لیے یقینی طور پر سودمند ہوں گی۔ جناب بھوپیندر کینتھولا، آئی آئی ایس، ڈائرکٹر ، فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹیٹیوٹ آف انڈیا، پونے ، نے کہا کہ کورس کے اختتام کے بعد کتنے شرکاء فلم میں اداکاری، ٹیکنیشین، ہدایت کاری و سنیما کے دیگر شعبوں میں کام کریں گے پتہ نہیں۔ اس کے علاوہ تمام شرکاء کا فلم دیکھنے کا نظریہ یقینی طور پر تبدیل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف ٹی آئی آئی پونے ملک کا باوقار ادارہ ہے، جہاں ہر سال محض 100 طلبہ کو داخلے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ٹی آئی آئی نے سب سے زیادہ کورسز کشمیر میں کیے۔ کورس ڈائرکٹر جناب پنکج سکسینہ، نے کورس کے متعلق معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآبادیوں کی فلم کے متعلق معلومات زیادہ بہتر ہیں۔ جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر آئی ایم سی نے خیرمقدمی خطاب میں کہا کہ سنیما ایک طاقتور وسیلہ ہے۔ فلمسازی کی تعلیم و تربیت کے لیے سرکاری اداروں کی تعداد بہت کم ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ کورس کے لیے حیدرآباد کے علاوہ مختلف اضلاع اور تاملناڈو و کیرالا سے شرکاء آئے ہوئے ہیں جن میں ڈاکٹرس اور بینک ملازمین بھی شامل ہیں۔ جناب امتیاز عالم، ریسرچ آفیسر آئی ایم سی نے کارروائی چلائی ۔ جناب عمر اعظمی، پروڈیوسر آئی ایم سی نے اظہار تشکر کیا۔