ہندو والدین کی بیٹی کو مسلم نوجوان سے شادی کی اجازت

سانگھڑ۔27اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں ایک ہندو خاندان نے اپنی بیٹی کو اسلام قبول کر کے مسلمان سے شادی کرنے کی نہ صرف اجازت دی بلکہ اس کے نکاح میں بھی شرکت کر کے مذہبی ہم آہنگی کی مثال قائم کر دی لڑکی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر گوردھن کھتری اور محمد یوسف قائم خانی سانگھڑ سے 70 کلو میٹر دور کھپرو کے قریب واقع ہاتھونگو ٹاؤن میں پڑوسی تھے اور دونوں خاندانوں کے درمیان دہائیوں سے دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ جب ڈاکٹر گوردھن کو معلوم ہوا کہ ان کی بیٹی دوست کے بیٹے بلال قائم خانی کو پسند کرتی ہے تو انہوں نے اس فیصلے کے خلاف مزاحمت کرنے کے بجائے اپنی بیٹی کو مذہب تبدیل کر کے بلال سے شادی کرنے کی اجازت دیدی۔ انہوں نے لڑکے کے گھر والوں کو میرپور خاص میں اپنے گھر مدعو کیا اور وہیں دونوں کا نکاح طے کر دیا گیا۔ لڑکی نے مولوی عبدالغفار سے اسلام قبول کیا اور بعد ازاں انہوں نے ہی نکاح بھی پڑھایا جس میں لڑکے اور لڑکی کے خاندان کے ارکان بھی شریک تھے۔لڑکے کے والد محمد یوسف کا کہنا ہے کہ وہ ڈاکٹر گوردھن کے وسعت قلب کے معترف ہیں اور تصدیق کی کہ لڑکی نے اپنی اور گھر والوں کی مرضی سے اسلام قبول کیا اور پھر دونوں خاندانوں کی رضامندی سے نکاح ہوا۔

ترک افواج شام میں کارروائی جاری رکھیں : یلدرم
انقرہ۔27اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے شام میں شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف زمینی اور فضائی حملے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ رواں ہفتے ترکی نے داعش کے زیرقبضہ شامی علاقے جرابلس میں اپنے فوجی ٹینک بھیجے تھے تاکہ اس شہر کو عسکریت پسندوں کے قبضے سے چھڑایا جا سکے اور داعش کے خلاف برسرپیکار باغیوں کی مدد کی جا سکے۔