ہندو مہا سبھا کی جانب سے مہاتما گاندھی کی توہین نائب صدر کانگریس ملو روی کی تنقید

حیدرآباد ۔ 31 ۔ جنوری (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے نائب صدر ملو روی نے ہندو مہا سبھا کی جانب سے مہاتما گاندھی کے مجسمہ کی توہین پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے مجسمہ کو گولی چلاکر یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ ہندو مہا سبھا ناتھورام گوڑسے کے ساتھ ہے۔ ہندو مہا سبھا کے قائدین نے گڈسے کے حق میں نعرے لگائے اور مہاتما گاندھی کی مذمت کی ۔ ملو روی نے کہا کہ یہ واقعہ دراصل ملک کے عوام کی توہین ہے ۔ مہاتما گاندھی نے ملک کی آزادی کیلئے جدوجہد کی لیکن آزادی کے بعد سنگھ نظریات کے حامل گوڑسے نے انہیں نشانہ بنایا۔ مہاتما گاندھی کی برسی کے موقع پر اس طرح کا قدم اٹھانا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو مہا سبھا کے قائدین کا یہ اقدام ملک کے 130 کروڑ عوام کی توہین ہے۔ گوڈسے کے ہندو تنظیموں کے ساتھ روابط کا پھر ایک بار ثبوت ملتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس طرح کے واقعات پر مرکزی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ ملو روی نے ہندو مہا سبھا کے قائدین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔