ہندو مہا سبھا کی اشتعال انگیز مہم پر اعتراض

نئی دہلی ۔ 26 ۔ جون : ( فیاکس ) : شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مولانا مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں مسلمانوں کو تاکید کی کہ وہ ماہ رمضان کا احترام کریں اور صوم و صلوۃ نیز زکواۃ و صدقات کی ادائیگی میں کسی طرح کی غفلت نہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں تراویح کا اہتمام اور ہر مسجد میں حفاظ کرام کی تلاوت کی آواز کی گونج یہ ثابت کرتی ہے کہ رمضان قرآن کا مہینہ ہے اور امت مسلمہ کو صرف قرآن کی تلاوت کا مکلف نہیں بنایا گیا ہے بلکہ اس کے فہم اور عمل کی بھی دعوت دی گئی ہے ۔ آج صرف تلاوت پر اکتفا کرلیا گیا ہے ۔ اس سے قرآن کریم کی افادیت تھم گئی ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ کلام الہیٰ کو زندگی کا وظیفہ بنائیں اور اس کے پیغام ہدایت کو غیر مسلموں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کریں یہ سب کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے ۔ شاہی امام نے ہندو مہا سبھا کی طرف سے ’ اسلام مکت بھارت ‘ مہم چلانے کی خبر پر افسوس کا اظہار کیا اور اس کی مذمت کی انہوں نے کہا کہ یہ لوگ صرف اسلام دشمن نہیں بلکہ ملک دشمن ہیں امن کو ان سے شدید خطرہ ہے ۔ ہندو مہا سبھا نے ہرہندو گھر میں تلوار بانٹنے کا پروگرام بنایا ہے کیا یہ قانون کی خلاف ورزی نہیں ہے ۔ ان کے خلاف حکومت ہند کو جلد از جلد کارروائی کرنی چاہئے ۔ شاہی امام نے کہا کہ ہندو مہا سبھا نے وزیر اعظم سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ ملک کو ہندو راشٹر ہونے کا اعلان کریں تو انہیں اس اپیل کا جواب دینا چاہئے ۔ ہندو مہا سبھا نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ مسلمانوں سے قبرستانوں کی زمین واپس لی جائے اور قومی اقلیتی کمیشن بھی ختم کردیا جائے ۔ شاہی امام نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہوگا لیکن حکومت کو وضاحت کے ساتھ انہیں ہدایت دینی چاہئے ۔ کیا کبھی مسلمانوں نے یا دوسری اقلیتوں نے ایسی مہم چلانے کی بات کی تھی ۔ شاہی امام نے کہا کہ بھارت کے مسلمانوں کے ساتھ یہاں کی 95 فیصد آبادی ہے جو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ساتھ رہنا چاہتی ہے ان کے ایجنڈے کو تو کوئی بھی نہیں مانے گا یہ لوگ صرف اپنی سیاست چمکانے کی بات کررہے ہیں لیکن حکومت کی خاموشی سے ایسے لوگوں کی ہمت افزائی ہوگی جو حکومت کی ناکامی کا سبب بن سکتی ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ایسی اشتعال انگیز خبروں پر صبر کا دامن نہ چھوڑیں ۔ انشاء اللہ یہ لوگ خود ہی ناکام ہوجائیں گے ۔ شاہی امام نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ رمضان کے مبارک مہینے کا احترام کریں اور مسجد اقصیٰ کی بازیابی کے لیے دعا کریں نیز انہوں نے مسلم ممالک میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے رمضان کے احترام کے منافی بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سازشوں کے تحت مسلم ممالک کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ یہ بہت افسوس کی بات ہے ۔۔