زمین دیکھنے کیلئے جانے والی خاتون رہزنی کا شکار
حیدرآباد ۔ 2 اگست (سیاست نیوز) بہادرپورہ میرعالم ٹینک کے قریب آج اس وقت ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی جب پلاٹ کی خریدی کیلئے غیرمسلم ریئل اسٹیٹ تاجر کے ہمراہ کار میں سفر کرنے والی برقعہ پوش خاتون کو روک کر بعض نوجوانوں نے ان پر حملہ کرکے طلائی چین اور نقد رقم چھین لی۔ ذرائع نے بتایا کہ 32 سالہ انیل راج ساکن پاڑدی واڑہ حسینی علم جو پیشہ سے ریئل اسٹیٹ تاجر ہے، آج دوپہر 2:30 بجے جل پلی میں وینچر کے ایک پلاٹ کو دکھانے کیلئے مسلم خاتون کو اپنے ہمراہ آلٹو کار میں لے جارہا تھا کہ بعض نوجوانوں نے برقعہ پوش خاتون کو غیرمسلم کے ہمراہ کار میں جاتا ہوا دیکھ کر انہیں روک کر وجہ طلب کی اور مبینہ طور پر زدوکوب کرنا شروع کردیا۔ بتایا جاتا ہیکہ نوجوانوں نے خاتون کی طلائی چین اور بیگ میں موجود 11 ہزار نقد رقم، موبائیل فون چھین کر وہاں سے فرار ہوگئے۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی اور ہجوم جمع ہوگیا جس کے نتیجہ میں کالا پتھر پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ کر ہجوم کو منتشر کردیا۔ انیل راج کی شکایت پر پولیس بہادر پورہ نے تعزیرات ہند کے دفعہ 153(A) (دونوں فرقوں کے درمیان منافرت پیدا کرنا اور 394 حملہ کے بعد رہزنی کا ایک مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کئے جاچکے ہیں اور دو نوجوانوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔