بال گنگادھر تلک نے گنیش تہوار کی بنیاد ڈالی، وینکیا نائیڈو، دتاتریہ کا خطاب
حیدرآباد۔/27ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر شہری ترقیات مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے ہندوستان میں ہندو دھرم کو مضبوط و مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندو دھرم ایک قدیم دھرم ہے جس کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی شناخت بنانے کیلئے متحدہ طور پر جدوجہد کی ضرورت ہے۔ وہ آج بھاگیہ نگر گنیش اُتسو سمیتی کے زیر اہتمام معظم جاہی مارکٹ چوراہے پر منظم کردہ گنیش ووسرجن استقبالیہ اسٹیج سے بطور مہمان خصوصی مخاطب تھے۔ انہوں نے گنیش وسرجن کے موقع پر ہندو دھرم سے وابستہ بلا امتیاز ذات پات و زبان تمام فرقوں سے تعلق رکھنے والے لاکھوں کی تعداد میں ہندو عوام کی شرکت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گنیش تہوار ہندو دھرم کے اتحاد اور یکجہتی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گنیش تہوار کی بنیاد بال گنگادھر تلک نے ڈالی تھی جن کا مقصد قوم میں اتحاد پیدا کرنا تھا اور آج اس تہوار کو سارے ملک میں وسعت دیتے ہوئے عزت و احترام کے ساتھ بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے نئی نسل میں گنیش مورتیوں کی نت نئے انداز میں تنصیب اور جوش و خروش کو بھی باعث فخر قرار دیا۔ انہوں نے بھاگیہ نگر گنیش اُتسو سمیتی کی جانب سے گذشتہ چند عرصہ سے گنیش وسرجن اور تہوار کے موقعوں پر انجام دی جانے والی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ہندوؤں پر زور دیا کہ وہ آپس میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں تاکہ ہندو مذہب کو مزید تقویت دی جاسکے۔ مرکزی وزیر لیبر مسٹر بنڈارودتاتریہ نے مخاطب کرتے ہوئے تمام ہندو بھائیوں کو آپس میں اخوت اور بھائی چارگی کو فروغ دیتے ہوئے ہندو دھرم کے تحفظ کیلئے کام کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر سابق وزیر مسٹر بدم بالریڈی، رکن اسمبلی بی جے پی خیریت آباد مسٹر چنتلا رام ریڈی، ریاستی صدر بی جے پی مسٹر کشن ریڈی، صدر سٹی بی جے پی مسٹر وینکٹ ریڈی، صدر بھاگیہ نگر گنیش اُتسو سمیتی مسٹر راگھوا ریڈی، جنرل سکریٹری مسٹر بھگونت راؤ نے بھی مخاطب کیا۔ قبل ازیں اس موقع پر شہ نشین پر موجود تمام مذکورہ قائدین نے گنیش وسرجن کیلئے آنے والی مورتیوں کا استقبال کیا۔