آگرہ 29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا آگرہ یونٹ نے آج یہ اعلان کیا ہے کہ 5 بچے رکھنے والے ہر ایک ہندو خاندان کو 2 لاکھ روپئے کا نقد انعام دیا جائے گا۔ ضلع صدر شیوسینا وینو لاوینا نے حالیہ مردم شماری رپورٹ میں ہندوؤں کی آبادی میں گراوٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی نے انعام کا طریقہ کار شروع کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ سال 2015 ء کے درمیان جس خاندان میں 5 بچے پیدا ہوں گے انھیں 2 لاکھ روپئے کا نقد انعام دیا جائے گا۔ والدین کو اس خصوص میں میونسپل کارپوریشن سے محصلہ بچوں کا پیدائشی سرٹیفکٹ پیش کرنا ہوگا۔ شیوسینا نے مسلم آبادی میں اضافہ پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یکساں سیول کوڈ کے نفاذ اور ایک سے زائد بیویوں کے طریقہ پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔