حساس شہر مرادآباد میں مذہبی رواداری کا مظاہرہ
مرادآباد ۔24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے انتہائی فرقہ وارانہ حساس شہر مرادآباد میں اس وقت قومی یکجہتی کا منظر دیکھا گیا جب یہاں کے ہندو اور مسلم عوام، دو نوجوان دانش اور نعمان کے جلوس جنازہ میں شریک ہوگئے۔ ایک ہندو خاتون کو ایک نالے میں غرقاب ہونے سے بچانے کی کوشش میں وہ فوت ہوگئے تھے۔ اگرچہ یہ دونوں غرقاب خاتون سمن کو بچا نہیں سکے لیکن فوج نے 36 گھنٹوں تک تلاشی کے بعد 3 نعشوں کو نالے سے برآمد کرلیا۔ یہاں کے ہندو مسلم عوام کی نظر میں مذکورہ نوجوان دانش اور نعمان شہید ہوگئے ہیں جب دونوں کا جلوس جنازہ جارہا تھا اس وقت چھتوں پر ٹھہری ہوئی خواتین اشکبار ہوگئیں اور غیرمسلم مرد حضرات بھی جلوس جنازہ کو کندھا دینے پیش پیش تھے۔ ایک مقامی شہری شاکشی مہیروترہ نے بتایا کہ یہ دونوں میرے لئے ہیرو جیسے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑک حادثہ میں اگر کوئی جاں بحق ہوجائے تو اس کا تماشہ دیکھا جاتا ہے لیکن ہمارے نوجوانوں نے مذہبی اخلاقیات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے یہ ثابت کردیا ہیکہ زندگی سے زیادہ کوئی نہیں ہے۔ قبل ازیں جلوس جنازہ کے راستوں پر پولیس کی بھاری جمعیت متعین کردی گئی تھی جو کہ نماز جنازہ کے بعد ہزاروں سوگواروں کے ساتھ نکل پڑا تھا۔ جلوس میں متوفی خاتون سمن کے افراد خاندان اور نوجوان بھی شامل تھے۔ ایک مقامی لیڈر اکرام قریشی نے بتایا کہ ہمارے شہر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا یہ مظاہرہ جاری رہے گا۔