چینائی۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چینائی میں بارش اور سیلاب کے باعث یہاں کے قدیم ترین انگریزی روزنامہ ’’دی ہندو‘‘ کی 137 سال میں پہلی مرتبہ اشاعت نہیں ہوپائی ہے۔ یہ اخبار 1878ء سے مسلسل شائع ہوتا آرہا ہے لیکن چہارشنبہ کو ملازمین بارش کے باعث پریس نہیں پہونچ سکے۔ اخبار کے پبلیشر این مرلی نے کہا کہ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے ۔ بارش کی وجہ سے پروازیں اور ٹرینس جہاں معطل کردی گئی ہیں وہیں برقی سربراہی بھی منقطع ہے۔ ’’دی ہندو‘‘ کا ہیڈکوارٹر چینائی میں واقع ہے اور یہ 17 دیگر شہروں سے بھی شائع ہوتا ہے۔ مرلی نے کہا کہ ہمارا مرئی ملائی نگر ٹاؤن شپ میں جہاں پلانٹ واقع ہے ، عوام کی رسائی ناممکن ہوگئی تھی اور ہمارا اسٹاف بھی وہاں نہیں پہنچ سکا۔ یہ پلانٹ مرئی ملائی نگر ٹاؤن شپ سے 30 کیلومیٹر دور واقع ہے۔ پرنٹنگ پریس پلانٹ اس قدر بڑا ہے کہ ہمیں اسے شہر کے باہر قائم کرنا پڑا ۔ اگر اخبار کی اشاعت ہوجاتی تو اس کی تقسیم ممکن نہیں تھی۔ شہر سے شائع ہونے والے دیگر اخبارات جیسے ’’ٹائمس آف انڈیا‘‘ ، ’’دکن کرانیکل‘‘ اور ’’نیو انڈین ایکسپریس‘‘کی اشاعت عمل میں آئی لیکن یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ اخبارات قارئین تک پہنچ سکا یا نہیں۔