نئی دہلی ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کو لیکر ہندو مہاسبھا نے اشتعال انگیز بیان دیا ہے۔ ہندو مہاسبھا نے اسے منی پاکستان بتایا ہے۔ آل انڈیا ہندو مہاسبھا کے قومی صدر سوامی چکرپانی نے نیوز 18 سے ایک خاص بات چیت میں کہا کہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی ہمیشہ سرخیوں میں رہتی ہے۔ اے ایم یو منی پاکستان ہے۔ اسے دہشت گردوں کا گڑھ بھی کہا جاتا ہے۔ سوامی بس یہیں نہیں رکے، انہوں نے مزید زہرافشانی کرتے ہوئے کہا کہ یہاں شدت پسندی کی تعلیم دی جاتی ہے۔ ایک بار پوری طرح سے اس کی صفائی ہونی چاہئے۔ پاکستان کے قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر پر ہونے والے تنازعہ پر بولتے ہوئے سوامی چکر پانی نے کہا کہ اے ایم یو میں جناح کی تصویر لگانا ملک کی عظیم شخصیات اور فوج کی توہین ہے۔ وہ وہاں کے بابائے قوم ہیں۔ اس لئے اے ایم یو کی جانچ کی جانی چاہئے کہ کس کے حکم پر وہاں تصویر لگائی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہیکہ جناح کا آزادی کی لڑائی میں جوبھی تعاون رہا ہے، لیکن وہ ملک کی تقسیم اور ہندو ۔ مسلمان کی موت کے ذمہ دار ہیں۔