نیویارک ۔ /28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے امریکہ میں تقریباً 20 ہزار غیرمقیم ہندوستانیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان 21 ویں صدی کی قیادت کرے گا ۔ انہوں نے این آر آئیز کو ’’میک ان انڈیا‘‘ پروگرام میں حصہ لینے کا مشورہ دیا ۔ نیویارک کے میڈسن اسکوائر گراؤنڈ پر تالیوں کی گونج میں کہا کہ 21 ویں صدی ہندوستان کی ہوگی ۔ پرہجوم مجمع سے مودی کے حامیوں نے نعرے بلند کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی نوجوان ہی اپنے ملک کو سوپر پاور بنائیں گے ۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ ہندوستان کے شہریوں کو کسی کے آگے جھکنے کا موقع نہیں دیں گے ۔ 2020 ء تک ہندوستان ہی دنیا کی سب سے سوپر پاور طاقت کا موقف حاصل کرے گا ۔ این آر آئیز کیلئے روشن مستقبل کا تیقن دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے ہم وطنوں کے علاوہ دیگر شہریوں کیلئے بھی ایک پرکشش مقام ہے ۔ مودی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں ان کی شاندار کامیابی نے انہیں بڑی ذمہ داری سپرد کی ہے اور میں وعدہ کرتا ہوں کہ عوام کے توقعات اور احساسات کو پورا کرنے کی ہرممکنہ کوشش کروں گا ۔ ہندوستانی نژاد افراد (پی آئی او) کو ہندوستان کا تاحیات ویزا دیا جائے گا اور امریکی سیاحوں کیلئے آمد کے ساتھ ہی ویزا جاری کیا جائے گا ۔ این آر آئیز سے کھچا کھچ بھرے ہوئے میڈسن اسکوائر پر پہونچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا ۔ ہندوستانیوں کو کسی رکاوٹ کے بغیر سفر کرنے کی اسکیم متعارف کروانے کا بھی وعدہ کیا ۔
مین ہیٹن کے قلب میں منعقدہ اس شاندار تقریب میں شریک این آر آئیز کو پورے انہماک کے ساتھ مودی کی تقریر سنتے ہوئے دیکھا گیا ۔ میرا خواب ہے کہ میں ہر انسانی خاندان کو ایک گھر فراہم کروں ۔ 2022 ء تک ہندوستانی شہری کے سر پر چھت ہوگی ۔ ہم ایسا کام ہرگز نہیں کریں گے جس سے آپ کا سر جھک جائے ۔ زعفرانی نہرو جاکٹ اور زرد کرتا زیب تن کئے ہوئے وزیراعظم نے انڈور اسٹیڈیم میں ہندوستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش یہ ہے کہ ترقی کو عوامی تحریک بنایا جائے ۔ اپنی 75 منٹ طویل ہندی تقریر میں جس کا آغاز بھارت ماتا کی جئے سے کیا گیا نوراتری کی بھی مبارکباد دی گئی ۔ مودی نے اچھی حکمرانی کا وعدہ کیا اور کہا کہ 30 سال کے وقفہ کے بعد مرکز میں ہندوستان کو ایک اچھی ملی ہے اور واضح اکثریت کے ساتھ اقتدار حاصل ہوا ہے ۔ آپ نے 2014 ء میں مجھے ووٹ نہیں دیا ہوتا تو میں منتخب نہیں ہوتا ۔ اس لئے میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہندوستان کی تیزتر ترقی کیلئے ہر ممکنہ کوشش کروں گا ۔ آپ کو مایوس ہونے نہیں دوں گا ۔ ہندوستان تیزی سے ترقی کرے گا اور ہمارے ماہر نوجوان ملک کی قیادت کریں گے ۔ مودی نے کہا کہ میں چھوٹا آدمی ہوں ،چائے بیچ کر یہاں تک پہونچا ہوں ۔ میرے چھوٹے چھوٹے خواب ہیں جنہیں پورا کروں گا ۔
مودی کی تقریب میں 100 بوہرہ مسلمان شریک
نیویارک ۔ /28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) میڈسن اسکوائر پر منعقدہ وزیراعظم نریندر مودی کی تقریر کی سماعت کیلئے ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں کے ہجوم میں تقریباً 100 بوہرہ مسلمانوں کا گروپ بھی شامل تھا ۔ اقلیتی طبقہ کی نمائندگی کرنے والے اس گروپ کے ارکان نے روایتی سفید لباس اور ٹوپی پہنی تھی ۔ امریکہ میں مقیم انڈیا امریکن سوسائیٹی کے مختلف ارکان بھی شریک تھے ۔ یہ پہلی نوعیت کی تقریب تھی جس کو مختلف ہندوستانی ، امریکی اسوسی ایشن نے اسپانسر کیا تھا ۔ جبکہ آرگنائزرس کو 1.5 ملین امریکی ڈالر کی ضرورت تھی تاکہ وہ مودی کی تقریر کیلئے میڈسن اسکوائر کا انتظام کریں ۔ اس کے لئے انہوں نے تقریباً 2 ملین امریکی ڈالر کا فنڈ اکٹھا کیا اور زائد وصول ہونے والی رقم کو چیرٹی کیلئے عطیہ دیا ۔