ہندوستان 2020 تک ہوا بازی صنعت میں تیسرا بڑا ملک

ایف آئی سی سی آئی ، کے پی ایم جی کی مشترکہ رپورٹ

حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ہندوستان شہری ہوا بازی کے میدان میں توقع ہے کہ سال 2020 تک دنیا کا تیسرا بڑا ملک اور سال 2030 تک دنیا کا سب سے بڑا ملک بن جائے گا ۔ فیاپسی اور کے پی ایم جی کی مشترکہ رپورٹ میں اس بات کا اظہار کیا گیا ۔ یہاں جاری کردہ رپورٹ کے مطابق چند چھوٹی مشکلات کے باوجود ہندوستانی شہری ہوا بازی صنعت نے کافی ترقی کی ہے ۔ ہندوستان میں ہلکے طیاروں ، ہیلی کاپٹرس کو چلانے میں بہتری پیدا ہوئی ہے ۔ عصری ایرپورٹ تیار کئے گئے ۔ ڈومسٹک ایرلائنس میں بیرونی راست سرمایہ کاری ( ایف ڈی آئی ) کی گئی اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے میدان میں بھی ترقی ہوئی ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہندوستانی شہری ہوا بازی صنعت دنیا کے دس ممالک میں ایک بڑی صنعت ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہندوستان میں موجودہ طور پر استعمال کئے جانے والے اور استعمال نہ کئے جانے والے قریبا 450 ایرپورٹس ہیں ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہندوستانی ریاستوں خاص کر مشرقی ہندوستان میں فضائی رابطوں کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کی غرض سے موثر اقدامات کئے گئے۔ بتایا گیا کہ مغربی بنگال ایسی پہلی ریاست ہے جس نے اے ٹی ایف پر موجودہ سیلس ٹیکس کو صفر کردینے کا اعلان کیا ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک کے دو تہائی شہروں کو فضائی رابطہ سے مربوط کرنے کی ضرورت ہے ۔۔