آلان باتار۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور منگولیا کے درمیان انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ، توانائی، سرویس اور آئی ٹی کے شعبوں میں معاشی تعاون کے موضوع پر تفصیلی بات چیت ہوئی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان راست پروازیں چلائے جانے کے امکانات پر بھی غوروخوض کیا گیا۔ وزیر خارجہ ہند سشما سوراج نے آج منگولیا کے وزیر خارجہ ڈی ذوق باتار کے ساتھ ہند۔ منگولیا جوائنٹ کمیٹی برائے کوآپریشن کے چھٹویں سیشن میں شرکت کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ دونوں ممالک نے اس بات پر باہمی رضامندی کا اظہار کیا ہے کہ دیگر شعبوں تک بھی رسائی حاصل کی جائے جو دونوں ہی ممالک کے مفاد میں ہوگی۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بھی بات چیت کا اہم موضوع رہا۔ یاد رہے کہ 42 سال میں پہلی بار سشما سوراج منگولیا کا دورہ کرنے والی پہلی وزیر حارجہ ہند ہیں۔ منگولیا وسائل سے مالامال ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی ایشیا میں منگولیا کو ایک پرامن ملک تصور کیا جاتا ہے اور اس خطہ میں امن اور خوشحالی کیلئے منگولیا میں پائے جانے والا استحکام اہمیت کا حامل ہے۔