ہنوئی 15 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ویتنام کے ساتھ مشترکہ ورثہ کا اعادہ کرتے ہوئے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہا ک ہندوستان ہمیشہ ہی ویتنام کا دوست رہے گا ۔ صدر جمہوریہ نے ویتنام کے اپنے ہم منصب ٹریونگ ٹان سانگ کی جانب سے ان کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین قریبی روابط ہیں۔ یہ تعلقات کئی صدیوں قدیم ہیں۔ یہ تعلقات باہمی مفاد پر مبنی تجارت اور پرامن رابطوں پر مبنی ہیں۔ ان میں دونوںم لک بدھ ازم کا مشترکہ ورثہ بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں بھی لارڈ بدھا کی تعلیمات اہمیت رکھتی ہیںاور آج ان کی ضرورت ہے ۔ روز مرہ کی زندگی میں دونوں ملکوں میں ان کو آج بھی اختیار کیا جاتا ہے ۔ ویتنامی صدر نے پرنب مکرجی کے اعزاز میں عشائیہ منعقد کیا تھا ۔ صدر جمہوریہ ہند ویتنام کے چار روزہ دورہ پر ہیں۔ انہوں نے ویتنام کی قیادت کے ساتھ آج اہم مصروفیت رکھی اور وہ کل مشہور شہر ہو چی منہہ جائیں گے ۔ انہوں نے صدر ویتنام سے کہا کہ ہندوستان ان کے ملک کا ہمیشہ دوست رہے گا ۔ اس دوران ہندوستان اور ویتنام میں آج 7 معاہدوں پر دستخط کئے جن میں کلیدی شعبۂ تیل میں تعاون کو بڑھانے سے متعلق معاہدہ شامل ہے، جبکہ دونوں ملکوں نے بحیرہ جنوبی چین میں آبی گزرگاہ کی ’’آزادی‘‘ کیلئے زور دیا، جو ایسا ریمارک ہے جس سے چین ناراض ہوسکتا ہے جو اس سمندری علاقہ پر اپنے علاقائی مقتدر اعلیٰ کا دعویٰ کرتا آیا ہے۔ یہ معاہدوں پر دستخط صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کے 4 روزہ سرکاری دورہ کے دوسرے روز کئے گئے ۔