نئی دہلی۔/27جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور امریکہ نے آج یہ فیصلہ کیا ہے کہ الہ آباد، اجمیر اور وشاکھاپٹنم کو اسمارٹ سٹی کی حیثیت سے مشترکہ طور پر ترقی دینے کیلئے ایک ٹاسک فورس قائم کی جائے اور اندرون 9سال ایک روڈ میاپ ( منصوبہ عمل ) تیار کیا جائے۔ مرکزی وزیر شہری ترقیا ایم وینکیا نائیڈو اور ہندوستان کے دورہ پر آئے ہوئے امریکی کامفرس سکریٹری پینی پرنکرز (Panny prizkers) کے درمیان اجلاس میں فیصلہ کیا گیا جس کے مطابق یونائٹیڈ اسٹیٹ ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی کے تعاون سے ہندوستان کے 3بڑے شہروں کو اسمارٹ سٹی کی حیثیت سے ترقی دی جائے گی اور اس خصوص میں مرکزی و ریاستی حکومتوں اور یو ایس ٹی ڈی اے کے عہدیداروں پر مشتمل ایک ٹاسک فورس تشکیل دی جائے گی اور مذکورہ شہروں کو ترقی دینے کیلئے اندرون تین ماہ ایک روڈ میاپ تیار کیا جائے گا۔واضح رہے کہ دو یوم قبل ہندوستان نے اتر پردیش کے شہر الہ آباد، راجستھان کے شہر اجمیر اور آندھرا پردیش کے شہر وشاکھاپٹنم کو اسمارٹ سٹی کی حیثیت سے ترقی دینے کیلئےUSTDA کے ساتھ تین معاہدے کئے تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ مذاکرات اور معاہدات کو جلد از جلد عملی شکل دینے کی ضرورت ہے اور توقع ہے کہ اسمارٹ سٹی کا خواب عنقریب شرمندہ تعبیر ہوگا جبکہ امریکی کامرس سکریٹری پریزکر نے کہا کہ صدر بارک اوباما کی ہدایت پر تجارتی نوعیت کے مذاکرات میں پیشرفت کی گئی ہے۔