آن لائن خرید و فروخت کی کمپنی امیزان کا اعلان، دو بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری پر توجہ
حیدرآباد 22 جولائی (سیاست نیوز) آن لائن خرید و فروخت کو فروغ دینے کے لئے مختلف کمپنیوں کی جانب سے علیحدہ علیحدہ طور پر تشہیری مہم چلائی جارہی ہے لیکن امیزان نامی کمپنی نے جو آن لائن خرید و فروخت کو یقینی بنانے والی سرفہرست کمپنیوں میں شمار کی جاتی ہے، ہندوستان کے 4 شہروں میں مفت وائی فائی خدمات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں حیدرآباد بھی شامل ہے۔ امیزان نے حیدرآباد، پونے، چینائی کے علاوہ دیگر شہروں میں مفت وائی فائی خدمات شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن فوری طور پر حیدرآباد و سکندرآباد میں 4 مقامات پر وائی فائی زون شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سکندرآباد بس اسٹیشن، دلسکھ نگر، امیر پیٹ وغیرہ شامل ہے۔ اسی طرح پونے اور چینائی میں بھی مفت وائی فائی خدمات کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ امیزان نے سال گزشتہ ماہ جولائی کے دوران اس بات کا اعلان کیا تھا کہ کمپنی کی جانب سے ہندوستان میں دو بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری سے اس کو یقینی بنایا جائے گا اور ای کامرس کے فروغ کے لئے کوشش کی جائے گی جس کے ذریعہ عوام آن لائن خریداری اور ادائیگیوں کو یقینی بناسکیں گے۔ آن لائن خریداروں کو متوجہ کرتے ہوئے انھیں مفت انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی کے ذریعہ آن لائن بازاروں کے سفر کو یقینی بنانے کے مقصد سے کئے جانے والے اس اقدام سے شہر میں کئی علاقے مفت وائی فائی خدمات سے لیس ہوجائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ ماہ کے ابتدائی ایام میں ہی کمپنی نے وائی فائی خدمات کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ خدمات 24×7 جاری رہیں گی۔ مختلف کمپنیوں کی جانب سے ملک کے مختلف مقامات پر اس طرح کی خدمات کے ذریعہ صارفین کو راغب کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے ذریعہ آن لائن خریداری کے رجحان میں اضافہ ہوتا نظر آرہا ہے۔