ہندوستان کے مسائل کا واحد حل ’’ترقی ‘‘: مودی

٭  نیا رائے پور کی یوم تاسیس تقریب سے خطاب ، بھائی دوج میں شرکت
٭  بچیوں کے جنین کا تحفظ کا عہد کرنے ہریانہ کے عوام سے اپیل

رائے پور؍ گڑگاؤں۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ترقی کی بھرپور تائید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستان کے مسائل کا واحد حل ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومتوں اور مجالس مقامی پر زور دیا کہ ملک کو غربت سے پاک بنانے کے لئے متفقہ جدوجہد کریں۔ انہوں نے ماہر فن نوجوانوں پر ذمہ داری عائد کی کہ وہ غربت کی دلدل سے باہر نکل آئیں اور ترقی کے راستے پر پیشرفت کریں۔ غریبوں کو بااختیار بنانے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکز، ریاستوں، بلدیات اور پنچایتوں کو غربت کے خاتمہ کیلئے متفقہ جدوجہد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزترقی کے شعبہ میں صحت مند مسابقت اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ چاہتا ہے۔ انہوں نے سرکاری اسکیموں کا بھی حوالہ دیااور کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کئی اسکیمیں چلا رہی ہیں۔ وزیراعظم نے چھتیس گڑھ میں ’’بھائی دوج‘‘ منایا اور خواتین کو تیقن دیا کہ وہ ’’مدر انڈیا‘‘ کی فلاح و بہبود کیلئے کام جاری رکھیں گے۔ گڑ گاؤں سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیراعظم نریندر مودی نے مرد و خواتین کے تناسب کو برعکس کرنے کیلئے ریاستی حکومت کے اقدامات کی ستائش کی۔ تشکیل ریاست کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہریانہ کے عوام کو چاہئے کہ بچیوں کے جنین کو مادر رحم میں ختم کرنے کے رواج کو ترک کردیں۔ انہوں نے ہریانہ کے بڑوں اور ماؤں سے اظہار تشکر کیا کہ وہ صنفی تناسب بہتر بنانے کیلئے اور بچیوں کے جنین کی حفاظت کیلئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ کے عوام کو عہد کرنا چاہئے کہ وہ اس لعنت کا خاتمہ ہونے تک خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

وزیراعظم کے ’’من کی بات‘‘کے جواب میں ’’کام کی بات‘‘ پروگرام
پٹنہ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی قائد رگھوونش پرساد سنگھ نے وزیراعظم کے ’’من کی بات‘‘ پروگرام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آر جے ڈی اُن تیقنات کو اُجاگر کرنے کیلئے جن کی تکمیل سے وزیراعظم قاصر رہے ، ’’کام کی بات‘‘ پروگرام شروع کرے گی۔