ہندوستان کے سینکڑوں شہری نجف شہر میں پھنس گئے

لندن ۔ /21 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے سینکڑوں شہری عراق کے شہر نجف میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے آج کہا کہ ہندوستانیوں کے عراقی آجرین نے ان کے پاسپورٹس واپس کرنے سے انکار کردیا ہے جس سے یہ تمام شہری اپنے وطن واپسی سے قاصر ہیں ۔ عراقی میں سرکاری افواج اور جنگجؤ گروپس کے درمیان لڑائی میں شدت پیدا ہونے کے بعد کئی شہریوں کو سرحد عبور کرنا مشکل ہوگیا ۔ پھنسے ہوئے ہندوستانی ورکرس کیلئے بھی خطرات میں اضافہ ہوا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ تمام ورکرس ایک انفرسٹرکچر اور کنسٹرکشن کمپنی میں ملازم تھے ۔ ایمسنٹی انٹرنیشنل کمپنی کے نمائندوں نے ان ورکرس میں سے بعض سے بات چیت کی ہے ۔

ورکرس کا کہنا ہے کہ ان کے آجرین نے گزشتہ 5 ماہ سے تنخواہیں بھی ادا نہیں کی ہیں ۔ ایک جلاوطن ورکر نے فون پر انہیں بتایا کہ آجرین نے ان کے تمام پاسپورٹس رکھ لیئے ہیں اور واپس کرنے سے انکار کیا گیا ہے ۔ ہم کو ایک کمپنی کے اندر ہی محروس رکھا گیا ہے ۔ جب سے لڑائی شروع ہوئی ہے یہ لوگ کمپنی کے احاطہ میں ہی پھنسے ہوئے ہیں ۔ ہم اپنے پاسپورٹس کے بغیر اس ملک کو چھوڑ نہیں سکتے ۔ ہرگزرتے دن ہم خود کو غیر محفوظ اور لاچار و مجبور محسوس کررہے ہیں ۔ ہم یہاں سے نکل کر اپنے وطن جانا چاہتے ہیں ۔ ان ورکرس میں سے ایک نے کہا کہ تمام نے اپنی تشویش اور پریشانی سے بغداد میں ہندوستانی سفارتخانہ کو واقف کروایا ہے جس نے ہم سے کہا کہ ہم اپنے پاسپورٹ کی تفصیلات ایک ٹکسٹ پیام کے ذریعہ روانہ کریں ۔ ورکرس نے /19 جون کو تفصیلات روانہ کی ہیں ۔ اب سفارتحانہ سے جواب کا انتظار ہے ۔ کمپنی کے ایک اور ورکر نے کہا کہ میں یہاں دو سال سے کام کررہا ہوں اور میرے مالک نے میری تنخواہ 1500 ڈالر اپنے پاس ہی رکھ لئے ہیں ۔ میرے دیگر کئی ساتھی بھی اسی طرح کی صورتحال سے دوچار ہیں ۔

مغویہ ہندوستانی شہریوں کی بحفاظت رہائی کے لیے کوششیں جاری
نئی دہلی ۔ 21 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : عراق کے تشدد سے متاثرہ موصل ٹاون میں مغویہ 39 ہندوستانی شہریوں کی بحفاظت رہائی یقینی بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں ۔ حکومت ہند نے اغواء کاروں کی شناخت معلوم ہونے کے بعد علاقہ میں موجود دیگر ممالک کے نمائندوں سے ربط قائم کرنا شروع کردیا ہے ۔ حکومت نے کہا کہ تمام مغویہ افراد محفوظ ہیں اور انہیں کوئی گزند نہیں پہنچائی گئی ۔ ان کی بحفاظت رہائی یقینی بنانے کے لیے ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بغداد میں ہندوستانی مشن نے پہلے ہی متعلقہ کمپنی سے رابطہ قائم کیا ہے اور امکان ہے کہ یہ معاملہ بہت جلد حل کرلیا جائے گا ۔ وزارت امور خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے کہا کہ تمام 39 ہندوستانی شہری اس وقت محفوظ ہیں ۔۔