ہندوستان کے ساتھ تمام مسائل پر بات چیت : پاکستان

اسلام آباد ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان تمام موضوعات بشمول دیرینہ تنازعہ کشمیر پر ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کرے گا ۔ قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز نے آئندہ ہفتہ معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت سے قبل آج یہ بات کہی ۔ لاہور میں ریڈیو پاکستان پر انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے گزشتہ سال معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت منسوخ کی تھی اور اب اس نے ان مذاکرات کے احیاء کیلئے پہل کی ہے ۔ سرتاج عزیز نے بات چیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مذاکرات سے لائین آف کنٹرول پر کشیدگی کم کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے لیکن پاکستان کبھی بھی ہندوستان کے ساتھ اسلحہ کی دوڑ میں شامل نہیں رہا ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے ناگزیر حصہ کے طور پر سیاسی اور فوجی قیادت کے مابین ہم آہنگی ضروری ہے ۔ ہندوستانی معتمد خارجہ سبرامنیم جئے شنکر منگل کو یہاں پہونچ رہے ہیں اور وہ پاکستانی ہم منصب اعجاز احمد چودھری سے بات چیت کریں گے ۔