ہندوستان کے ساتھ تعاون کے وسیع تر امکانات: چین

بیجنگ، 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام)وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ چین سے ایک ہفتے پہلے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے آج کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع تر امکانات ہیں۔ وانگ نے کہا کہ دو طاقتور پڑوسیوں کے درمیان اختلافات ہونا عام بات ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ ہندوستان اور چین نے اپنے مسائل کو مناسب جگہ پر رکھا اور ا نہیں باہمی احترام اور دونوں ممالک کے قائدین کی رضامندی کی بنیاد پر صحیح طریقے سے نمٹایا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور چین کے درمیان تعاون کے وسیع تر امکانات ہیں لیکن انہوں نے اس سلسلے میں کوئی تفصیل بیان نہیں ۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور چین کی فوج کے درمیان ڈوکلام میں ڈھائی ماہ سے جاری تعطل گزشتہ پیر کو ختم ہو گیا ہے اور وزیر اعظم مودی آئندہ اتوار کو شیامین میں شروع ہونے والی برکس کانفرنس میں حصہ لینے کیلئے یہاں آ رہے ہیں۔ جون میں بھوٹان اور چین کے درمیان متنازعہ ڈوکلام علاقے میں چین کی طرف سے یکطرفہ طورپر سڑک کی تعمیر کی کوشش پر بھوٹانی فوج نے احتجاج کیا تھا اور چینی فوج کے نہ ماننے پر بھوٹانی فوج کے اشارہ کے بعد ہندوستانی فوج نے 16 جون کو آگے بڑھ کر چینی فوج کو روک دیا تھا۔ جس کے بعد گزشتہ ڈھائی ماہ میں دونوں ممالک کی افواج کے آمنے سامنے آ کھڑے ہونے سے دنیا کی دو ابھرتی اقتصادی طاقتوں کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔