ہندوستان کی S-400دفاعی نظام کی خریداری سے علاقائی عدم استحکام کا اندیشہ

اسلام آباد 19 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج کہاکہ ہندوستان کی جانب سے
S-400
میزائیل دفاعی نظام روس سے خریدنے کے نتیجہ میں اِس علاقہ میں عدم استحکام میں اضافہ ہوگا اور اسلحہ کی دوڑ میں شدت پیدا ہوگی۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کی خریداری بالسٹک میزائیل دفاعی نظام کی صلاحیت حاصل کرنے کی کوشش کا ایک حصہ ہے۔ اس کے نتیجہ میں جنوبی ایشیاء کا دفاعی استحکام مزید متاثر ہوگا اور اسلحہ کی دوڑ کا احیاء ہوجائے گا۔ S-400 میزائیل دفاعی نظام ایک متحرک دفاعی نظام ہے اور روس کا یہ نظام طویل فاصلاتی زمین سے فضاء میں وار کرنے والے میزائیلس کے خلاف ایک مؤثر دفاعی نظام ہے۔ دفتر خارجہ پاکستان نے کہاکہ 1998 ء کے دونوں ممالک کے نیوکلیر تجربات کے بعد علاقائی امن متاثر ہوا ہے۔