ڈھاکہ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں نئی حکومت کی پڑوسی ممالک کے ساتھ خارجہ پالیسی کو نمایاں طور پر اُجاگر کرتے ہوئے وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج نے آج کہا کہ تمام ممالک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی یقینی بنانے میں ہندوستان سرگرم رول ادا کرے گا۔ انہوں نے بنگلہ دیش انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل اینڈ اسٹراٹیجک اسٹیڈیز کے اسکالرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ حقیقت جان چکے ہیں کہ ہندوستان کی ترقی اس وقت تک پوری نہیں ہوسکتی جب تک ہم اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ نتیجہ خیز پارٹنرشپ میں کامیاب نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسی پالیسی اپنائیں گے جس میں ہمارے پڑوسی ممالک کی بھی سرگرم شراکت داری ہوگی اور اس کا مقصد تمام کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی یقینی بنانا ہوگا۔ سشما سوراج نے کوٹہ فری اور ڈیوٹی فری دور کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بنگلہ دیش کو یہ یقین دہانی کرائی کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی عدم توازن کو دُور کیا جائے گا۔ انہوں نے چھوٹے پراجیکٹس کیلئے 60 کروڑ روپئے گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔ ہندوستان نے بنگلہ دیش سے ملبوسات کی غیرمحدود درآمدات کی اجازت دی ہے اور اس کے لئے کسی طرح کی ڈیوٹی عائد نہیں کی جاتی۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت ہندوستان کے لئے کافی فائدہ مند ہے۔ سشما سوراج نے کہا کہ ہندوستان میں سرمایہ کاری سے بنگلہ دیش کو بھی فائدہ ہوگا۔
ہندوستان اور بنگلہ دیش نے آج کلیدی مسائل جیسے ویزا کے اجراء کے عمل کو بعض زمروں کے لئے آسان بنانا اور تریپورہ میں قائم برقی توانائی پلانٹ کے لئے برقی توانائی کی سربراہی میں تعاون جیسے مسائل پر بات چیت کرتے ہوئے پیشرفت کی ۔ یہ مسائل وزیرخارجہ سشما سوراج کی وزیر خارجہ بنگلہ دیش ابوالحسن محمود علی اور وزیراعظم شیخ حسینہ سے ملاقات کے دوران منظرعام پر آئے ۔ انھوں نے زمینی سرحد کے معاہدہ اور مجوزہ دریائے تیستا کے پانی میں شراکت داری کے معاہدہ اور غیرقانونی نقل مقام کے مسائل پر بھی بات چیت کی ۔ اُن کی مدد معتمد خارجہ شجاتا سنگھ اور وزارت خارجہ کے دیگر سینئر عہدیدار کررہے تھے۔ مذاکرات وزیر خارجہ بنگلہ دیش کے ساتھ دفتر خارجہ بنگلہ دیش میں منعقد کئے گئے ۔ سشما سوراج بنگلہ دیش کے دو روزہ سرکاری دورہ پر ہیں ۔
یہ وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کا اولین بیرون ملک دورہ ہے ۔ ہندوستان نے بنگلہ دیش کو تیقن دیا کہ وہ بنگلہ دیش کیلئے فکرمندی کے مسائل جیسے زمینی سرحدی تنازعہ اور دریائے تیستا کے پانی میں شراکت داری کے بارے میں معاہدوں پر مثبت عزائم رکھتا ہے ۔ ویزا کے اجراء کا طریقہ کار بہتر بنانے کے بارے میں فوری طورپر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ وہ زیادہ نرم رویہ اختیار کرنے والے نظام کے تحت اس کو بھی شامل کیا جائے گا یا نہیں ۔ دونوں فریقین نے گیاس سے حاصل کی جانے والی برقی توانائی کے پراجکٹ پالاٹنگا (تریپورہ) اور برقی توانائی کے اس پلانٹ سے بنگلہ دیش کو سربراہی کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔سشما سوراج نے صدر بنگلہ دیش عبدالحامد اور وزیراعظم شیخ حسینہ سے ملاقات کی۔