ہندوستان کی طرف سے 104 سیٹلائیٹس داغنے پر مجھے صدمہ ہوا تھا : ڈین کوٹس

واشنگٹن ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی انٹلیجنس کے سربراہ کی حیثیت سے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے نامزد سابق سینئر ڈین کوٹس نے کہا ہیکہ ہندوستان کی جانب سے گذشتہ ماہ بہ یک وقت 100 سٹلائٹس کامیابی کے ساتھ خلا میں داغے جانے سے متعلق خبر پڑھ کر انہیں سخت صدمہ ہوا تھا۔ امریکی نیشنل انٹلیجنس کے ڈائرکٹر کی حیثیت سے تقرر کیلئے توثیق کی غرض سے گذشتہ روز سنیٹ میں اپنے بیان کے دوران کوٹس نے کہا تھا کہ ’’ہندوستان کی جانب سے بہ یک وقت 100 سٹلائٹس کامیابی کے ساتھ خلاء میں چھوڑ جانے کی خبر پڑھ کر میں چونک گیا تھا اور اس خبر پر مجھے دکھ بھی ہوا تھا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ خود کو کسی سے پیچھے دیکھنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ کوٹس نے کہا کہ ’’وہ (سٹلائٹس) حجم میں چھوٹے ہوسکتے ہیں اور ان کی کارکردگی مختلف اغراض کیلئے مخصوص ہوسکتی ہے لیکن ایک راکٹ بھی بھیجا جاسکتا تھا۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ 104 پلیٹ فارمس ہوں گے‘‘۔ کوٹس کی نامزدگی کی اگر توثیق ہوجاتی ہے تو وہ بشمول سی آئی اے تمام امریکی انٹلیجنس ایجنسیوں کے سربراہ بن جائیں گے۔ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے 15 فبروری کو سری ہری کوٹہ سے ایک ہی راکٹ کے ذریعہ بہ یک وقت 104 سٹلائٹس خلا میں چھوڑا تھا۔