نئی دہلی۔ 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ساتھ فوجی تعاون معاہدہ پر دستخط کے کئی ہفتے بعد روس نے آج کہا کہ وہ کوئی ایسی کارروائی نہیں کرے گا جو ہندوستان کے صیانتی مفادات کے لئے مضر ہو۔ پاکستان اور روس کا دفاعی معاہدہ پاکستان کو فوری طور پر کوئی بھی فوجی آلات سربراہ کرنے کی گنجائش نہیں رکھتا۔ روس نے کہا کہ ہندوستان، روس کا آزمودہ حلیف اور قریب ترین دوست ہے۔ روس کے سفیر برائے ہندوستان الیگزینڈر کاڈاکن نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات علیحدہ نوعیت رکھتے ہیں، لیکن یہ ہندوستان سے تعلقات کی قیمت پر نہیں ہوں گے۔ روس ایسی کوئی کارروائی نہیں کرے گا جو ہندوستان کے لئے مضر ہو۔ روسی سفیر صدر روس ولادیمیر پوٹن کے 10 ڈسمبر کو ہندوستان کے دورہ سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔