ہندوستان کی زیادتی پر ہم چین سے ہاتھ ملالیں گے : نیپال

پٹرولیم اور دیگر ضروری اشیاء کی سربراہی پر پابندی کے خلاف نئی دہلی کو کھٹمنڈو کا انتباہ
نئی دہلی ۔ /4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) نیپال نے آج ہندوستان کو انتباہ دیا کہ اگر اس نے پٹرولیم اشیاء اور دیگر ضروری اشیاء کی سربراہی میں کوتاہی کی اور اسے دیوار پر لٹکادیا تو وہ چین سے ہاتھ ملالے گا ۔ چین کے ساتھ منطقی مشکلات کے باوجود ہم ہندوستان کی بے رخی پر چین سے دوستی کرلیں گے ۔ نیپال کے سفیر برائے ہند دیپ کمار اوپدھیا نے کہا کہ ہندوستان نے نیپال کی قیادت سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اس صورتحال کو جلد سے جلد حل کرلے گا ۔ ہندوستان کو اس سلسلے میں ایک وقت مقررہ پر کام کرنا ہوگا ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ نیپال کی شکایت کو چند گھنٹوں ، چند ہفتوں یا چند مہینوں میں حل کرلیا جانا چاہئیے ۔ مدہیشی احتجاج کے باعث اس ملک کو ضروری اشیاء کی سربراہی متاثر ہوئی ہے ۔ ہند ۔ نیپال سرحد پر ہزاروں افراد پھنسے ہوئے ہیں اگر انہیں پیچھے ڈھکیل دیا گیا تو مرتا کیا نہ کرتا ہم کو مجبوراً دیگر ممالک سے مدد لینے پڑی گی ۔

اگرچہ کے چین کے ساتھ تعلقات منطقی طور پر مشکل ہیں لیکن جب حالات ناگفتہ بہ ہوجائیں تو اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا ۔ نیپال ،چین کے بشمول دیگر ممالک سے رجوع ہوکر اپنی ضرورت پوری کرلے گا ۔نیپال نے ہندوستان کو اپنی تشویش سے واقف کروایا ہے کہ آنے والے دنوں میں دسہرہ اور دیوالی جیسے تہواروں کے موقع پر اس ہمالیائی ملک میں بڑے پیمانے پر تہوار منائے جاتے ہیں اس لئے ضروری اشیاء کی ضرورت پڑتی ہے ۔ حالیہ مخالف ہند احتجاج پر انہوں نے کہا کہ جب ہندوستان نے زلزلہ بحران کے دوران نیپال کی مدد کی تھی ، نیپال میں ہر کسی نے ہندوستان کی ستائش کی تھی اور اس سے اظہار تشکر کیا تھا لیکن اب ضروری اشیاء کی سربراہی مسدودی کردی گئی ہے توپھر ہم مجبور ہوجائیں گے۔