ہندوستان کی ترقی کیلئے اصلاحات کی بھرپور تائید

بی جے پی دور میں افراط زر کی شرح میں کمی، ایف ڈی آئی میں اضافہ : مودی
کوالالمپور۔ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے مختلف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اصلاحات صرف ایک اسٹیشن ہے جہاں سے ہندوستان کو ایک خوشحال ملک میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے شفاف اور قابل قیاس ٹیکس نظام کو یقینی بنانے اور ساتھ ہی ساتھ انٹلیکچول پراپرٹی رائٹس کے تحفظ کا تیقن دیا۔ آسیان بزنس اینڈ انوسٹمنٹ چوٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ گزشتہ 18 ماہ کے دوران ان کی حکومت کے مختلف اقدامات کی بنا افراط زر کی شرح کم ہوئی ہے اور ساتھ ہی ساتھ جی ڈی پی شرح و غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کا مطلب کسی مرحلہ پر رکنا نہیں اور یہ ناختم ہونے والا سلسلہ ہے۔ اصلاحات ان کے لئے ایک طویل سفر میں منزل تک پہنچنے کے دوران ایک اسٹیشن کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ منزل ہر شعبہ میں ہندوستان کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2014ء میں جب بی جے پی زیر قیادت حکومت نے اقتدار سنبھالا اس وقت معیشت کو سنگین چیلنجس کا سامنا تھا۔ کرنٹ اکائونٹ خسارہ کافی بڑھ گیا ، انفراسٹرکچر پراجکٹس تعطل کا شکار ہوگئے اور افراط زر کی شرح میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا تھا۔ یقینا اصلاحات کی ضرورت تھی اور ہم نے اس سمت پہل کی جو ملک کو ترقی کی طرف لیجائے۔