ہندوستان کی ترجیح فہرست میں نیپال کو اہم مقام : سشما سوراج

کھٹمنڈو ۔ /25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج کہا کہ ہندوستان کی نئی حکومت کی ترجیح فہرست میں نیپال کا مقام اہم صف میں شامل ہے ۔ وہ آج یہاں جوائنٹ کمیشن اجلاس میں شرکت کیلئے پہونچی ہیں ۔ یہ اجلاس 23 سال کے وقفہ کے بعد منعقد ہورہا ہے ۔ اپنی آمد کے فوری بعد ایرپورٹ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس جس میں میں شرکت کررہی ہوں 23 سال بعد منعقد ہورہا ہے ۔ اور یہ نئی حکومت کی پالیسی کا مظہر ہے کہ نیپال کو ہندوستان نے اپنے عزیز ترین ملکوں میں شمار کیا ہے ۔ نیپال کے معتمد خارجہ شنکر داس بیراگی نے ان کا خیرمقدم کیا ۔ جوائنٹ کمیشن کا اجلاس کل منعقد ہوگا ۔ جس میں سیاسی ، سلامتی اور سرحدی مسائل ، معاشی تعاون اور انفر اسٹرکچر پر تبادلہ خیال ہوگا ۔