ہندوستان کیساتھ کشیدگی پاکستان کی افغان حکمت عملی پر اثرانداز

واشنگٹن۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کی وجہ سے علاقائی استحکام اور خصوصی طور پر افغانستان کے لئے ماخوذ کی جانے والی حکمت عملی شدید طور پر متاثر ہورہی ہے۔ امریکی سنٹرل کمان سربراہ جنرل رائیڈ آسٹن نے کانگریس ہاؤز آرمڈ سرویسیس کمیٹی کے روبرو ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہند و پاک کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی سے اس خطہ میں استحکام کا فقدان ہوگیا ہے اور خصوصی طور پر پاکستان نے افغانستان کے لئے جو حکمت عملی وضع کی ہے۔ وہ بھی متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے بعد ایک ایسا موقع ضرور آیا ہے جہاں امریکہ، افغانستان اور پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو ’’معمول‘‘ کے مطابق کرسکے کیونکہ اس طرح دونوں ممالک کو ایک ایسا مضبوط پس منظر حاصل ہوجائے گا جس کے سہارے اپنی ہی سرزمین پر موجود عسکریت پسند تنظیموں کے ساتھ اپنی لڑائی موثر طور پر جاری رکھ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اس بات کے لئے کوشاں ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان اعتماد سازی کو بحال کیا جائے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ دونوں ممالک ایک دوسرے پر اعتماد نہیں کرتے، تاہم اعتماد کی جو شرح ہونی چاہئے، وہ موجود نہیں ہے جسے مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس طرح سرحد پر موجود کشیدگی کو دور کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔