بشمول کشمیر تمام مسائل کی مذاکرات کے ذریعہ یکسوئی پر زور : پاکستانی فوج
راولپنڈی ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج نے آج کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسی ہندوستان کے ساتھ امن چاہتا ہے اور بشمول مسئلہ کشمیر تمام مسائل کو عزت نفس اور باہمی احترام کی بنیاد پر مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے کا خواہشمند ہے۔ فوجی ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے راولپنڈی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے لیکن امن کی اس خواہش کو غلطی سے کمزوری نہ سمجھا جائے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستان ایک منصوبہ کے تحت کام کررہا ہے اور یہی وجہ ہیکہ اس نے سرجیکل حملوں کا ڈرامہ کیا۔ مسلح افواج اور عوام ہندوستان کی کسی بھی غلط مہم پسندی کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں‘‘۔ آصف غفور نے کہا کہ ہندوستان نے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر گذشتہ تین سال کے دوران جنگ بندی کی 945 مرتبہ خلاف ورزی کی ہے۔ پاکستان کے زیرتحویل مبینہ ہندوستانی جاسوس کلبھوشن جادھو سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ پاکستانی قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ باور کیا جاتا ہیکہ جادھو کو بلوچستان میں گرفتار کیا گیا تھا جب وہ ایران سے اس پاکستانی صوبہ میں داخل ہوا تھا۔ پاکستان نے اس پر ملک میں تخریب کار سرگرمیوں پر منصوبہ بندی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔