ہندوستان کیخلاف القاعدہ برصغیر کا دھمکی آمیز ویڈیو

سری نگر، 27 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی شدت پسند تنظیم القاعدہ کی طرف سے ایک ویڈیو جاری کردی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کشمیر میں جیت کیلئے بھارت کی مختلف شہروں میں جنگ چھیڑنا ضروری ہے ۔ منگل کی رات سامنے آنے والی ویڈیو میں القاعدہ برصغیر کے ترجمان اسامہ محمود نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کے لئے 6 لاکھ فوجی استعمال کررہا ہے ۔ روزنامہ ’’انڈین ایکسپریس‘‘ کی رپورٹ کے مطابق اسامہ محمود نے دھمکی دی ہے کہ جب ہندوستانی شہروں کلکتہ ، بنگلور اور نئی دہلی میں حملے کئے جائیں گے تو اسے (ہندوستان) کو عقل آئے گی اور وہ کشمیر کو چھوڑ دے گا۔ القاعدہ برصغیر کے ترجمان نے ویڈیو میں کہا ہے ‘اس کے لئے ضروری ہے کہ برصغیر میں جہادی تحریک مستحکم ہوجائے اور پورے خطے کے مسلمان کشمیری عوام کے پیچھے کھڑے ہوں’۔ انہوں نے کہا ہے کہ انڈین آرمی اور بقول ان کے ہندو حکومت کے پرامن دنیا (ہندوستان) کو جنگ زدہ علاقہ میں بدل دیا جانا چاہیے۔

 

جیش محمد کمانڈر کی ہلاکت ،ضلع پلوامہ میں ہڑتال
سری نگر۔27 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جیش محمد کے ڈیژنل کمانڈر نور محمد تانترے عرف نور ترالی کی ہلاکت کیخلاف جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے مختلف حصوں میں چہارشنبہ کو ہڑتال رہی۔ضلع کے ترال اور کاکہ پورہ قصبوں اور ان سے ملحقہ دیہات میں چہارشنبہ کو مکمل ہڑتال رہی جس کے دوران دکانیں و تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت جزوی طور پر معطل رہی۔ ان علاقوں میں سرکاری دفاتر اور بینکوں میں معمول کا کام کاج جزوی طور پر متاثر رہاجبکہ بیشتر ٹیوشن سینٹر بند رہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے کسی بھی علاقہ میں پابندیاں نافذ نہیں کی گئی ہیں، تاہم امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری بدستور تعینات رکھی گئی ہے ۔ضلع پلوامہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات چہارشنبہ کو دوسرے دن بھی منقطع رہیں۔ تاہم منگل کو معطل رہنے والی ریل خدمات چہارشنبہ کی صبح بحال کی گئیں۔ریل انتظامیہ نے مقامی انتظامیہ کی ہدایت پر منگل کو جنوبی کشمیر سے گذرنے والی ریل سروس معطل کردی تھی۔ نور ترالی کی ہلاکت کیخلاف پلوامہ بھر میں منگل کو ہڑتال کی گئی تھی۔