ہندوستان کو 9 تا 10 فیصد شرح سے ترقی کرنا ضروری : جیٹلی

نیویارک 3 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ ہندوستانی معیشت کو 9 – 10 فیصد کی شرح سے ترقی کرنے کی ضرورت ہے اور اس شرح کو آئندہ ایک دہے تک برقرار بھی رکھا جانا چاہئے تاکہ غربت کی شرح کو کم سے کم کرنے کیلئے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنایا جاسکے ۔ ارون جیٹلی ایک خانگی دورہ پر امرکہ آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو چاہئے کہ وہ جاریہ سال 8 فیصد شرح تقری کا نشانہ مقرر کرے جس کے بعد آئندہ ایک دہے کیلئے 9 تا 10 فیصد کی شرح سے ترقی کو یقینی بنایا جانا چاہئے اور یہ رفتار آئندہ دس سال یا اس سے زیادہ تک برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے آئندہ پانچ تا دس سال کے دوران ہندوستان کیلئے ان کے ویژن سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ بہت پر امید بھی ہوسکتے ہیںلیکن وہ حقیقت پسندانہ جائزہ لینے کے قائل ہیں۔ ارون جیٹلی کولمبیا یونیورسٹی کے اسکول آف انٹرنیشنل اینڈ پبلک افیرس میں سوالات کے جواب دے رہے تھے ۔ چین کی مثال دیتے ہوئے مسٹر جیٹلی نے کہا کہ چین نے گذشتہ تین دہے کے دوران سالانہ 9 فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے اور آج اس مقام پر پہونچ گیا ہے

جہاں وہ ہے ۔ انہوں نے ہندوستانی معیشت ۔ مستقبل کا راستہ کے موضوع پر سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم ( ہندوستان ) بھی جاریہ سال 8 فیصد کی شرح سے ترقی کریں اور پھر اس شرح کو بہتر بناتے ہوئے 9 تا 10 فیصد کی شرح حاصل کرلیں اور اس شرح کو دس سال تک یا اس سے زیادہ عرصہ تک برقرار رکھنے میں کامیاب ہوجائیں تو پھر ہم اس مقام تک پہونچ سکتے ہیں جس کی ہمیں ضرورت ہے ۔ اس تقریب میں کولمبیا یونیورسٹی کے سابق پروفیسر اروند پناگاریہ بھی شریک تھے جنہیں حال ہی میں تشکیل دئے گئے نیتی آیوگ کا نائب صدر نشین مقرر کیا گیا ہے ۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ ہندوستان کو اپنی ترقی کی شرح میں بہتری لانے کیلئے وسائل کی ضرورت ہے لیکن جب تک وہ 9 تا 10 فیصد کی شرح سے ترقی نہیں کرتا اس وقت تک اسے وسائل دستیاب نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے آئندہ دہے میں 10 فیصد کی شرح کے آس پاس ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو غربت کی شرح کو کم سے کم کرنے کیلئے بہترین انفرا اسٹرکچر فراہم کیا جاسکتا ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ نہ صرف غربت کی شرح کو کم کیا جاسکتا ہے بلکہ یہ کم تیز رفتار سے بھی کیا جاسکتا ہے ۔ وہ تیز رفتار ترقی کے وسائل اور دوسری سرمایہ کاری کو بھی غربت کے خاتمہ اور بہتر انفرا اسٹرکچر کی فراہمی کیلئے ضروری سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہندوستان میں اس سیاسی بحث کو درست کیا جانا چاہئے کہ آیا آپ موافق صنعت ہیں یا آپ موافق غریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ دونوں میں ایک تنازعہ ہے وہ سمجھتے ہیں کہ سابقہ حکومت نے یہ غلطی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے صرف وسائل کی تقسیم پر توجہ دی اور اس دوران اس نے شرح ترقی کو آگے بڑھانے کو فراموش کردیا ۔ انہوں نے اس خیال کا اظہار کیا کہ معاشی ترقی کو بہتر بنانے کیلئے ہندوستان کو باہر سے سرمایہ کاری کی بھی ضرورت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں انہیں کوئی شک نہیں ہے کہ ہندوستان میں جو سرمایہ کاری دستیاب ہے وہ بہت کم ہے ۔ فینانسنگ کے تعلق سے ہندوستانی بینکوں کے پاس بھی سرمایہ کاری کم ہے ایسے میں ہم کو جہاں کہیں سے سرمایہ دستیاب ہو اسے حاصل کرنا ہوگا ۔