ہندوستان کو چین کیخلاف کھڑا کرنے کی حکمت عملی

بیجنگ ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چین کے روزناموں گلوبل ٹائمس اور پیپلز ڈیلی میں ہندوستان کو انتباہ دیا ہیکہ امریکہ ہندوستان کو چین کے خلاف کھڑا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ اس نے مغربی ممالک کے ’’خفیہ مقاصد‘‘ کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے دونوں روزناموں میں ’’چینی آتشی اژدہا‘‘ اور ’’ہندوستانی ہاتھی‘‘ میں فطری طور پر رقابت ہونے کا انتباہ دیا۔ مضامین میں کہا گیا ہیکہ مغرب ہندوستان کو پوری طرح تیار کررہا ہے تاکہ اپنے بڑے پڑوسی سے لاحق مبینہ خطرہ کا مقابلہ کرنے کے قابل بنا سکے۔ اس حقیقت کے پیش نظر دو ممالک میں اب بھی علاقائی تنازعات موجود ہیں اور سطحوں پر دونوں میں قربت پیدا ہوچکی ہے۔ ہندوستان اور چین ک مبینہ رقابت مغربی ذرائع ابلاغ کی سرخیوں میں اب بھی نظر آرہی ہے۔ چین نے خبردار کیا کہ ہندوستان کو اس (پھندہ) میں نہیں پھنسنا چاہئے اور اپنی انفرادیت کا اظہار کرنا چاہئے۔

مضمون میں دونوں ممالک کو مشورہ دیا گیا ہیکہ وہ خصوصی مسائل پر مباحث کو بالائے طاق رکھ دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے تعلقات زندگی اور موت کی جدوجہد نہ بننے پائے۔ عام مفادات جن میں دونوں ممالک شریک ہیں، اختلافات سے زیادہ عظیم ہیں کیونکہ دنوں ابھرتی ہوئی طاقتیں ہیں اور بین الاقوامی برادری میں اپنی زبردست صلاحیتوں کی وجہ سے اہم مقام رکھتی ہے۔ چین اور ہندوستان کو چاہئے کہ باہمی تعاون کے مزید امکانات تلاش کریں۔ چین کے اخبارات میں شائع شدہ مضامین میں حکومت ہند کو مشورہ دیا گیا ہیکہ وہ بین الاقوامی عظائم کو محسوس کریں جو ہندوستان کو چین کے مقابل کھڑا کرنے کی کوشش کررہے ہیں حالانکہ دونوں ممالک کے بعض مخصوص معایملات میں اختلافات ہیں لیکن انہوں نے اس سے اپنا دامن بچا کر باہمی تعلقات بہتر بنائے ہیں۔