ہندوستان کو مستقل وزیر اعظم کی ضرورت : نقوی

کولکاتہ 12 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ ملک کو ایک مستقل اور فیصلہ ساز وزیر اعظم کی ضرورت ہے نہ کہ کنٹراکٹ وزیر اعظم کی ۔ وزارت عظمی کیلئے کئی دعویدار رکھنے پر اوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نقوی نے کہا کہ ملک کو کنٹراکٹ وزیر اعظم کی ضرورت نہیں ہے جہاں کوئی چھ مہینے کیلئے وزیر اعظم ہو تو دوسرا مزید چھ ماہ کیلئے ہو ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ ملک کے عوام ایک طاقتور اور مستحکم حکومت چاہتے ہیں انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو کسی جگاڑ یا جوڑ ۔ توڑ کی سرکار کی ضرورت نہیں ہے ۔ ان کے خیال میں ملک کے عوام گذشتہ پانچ سال میں ہوئے ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر اپنے ووٹ کا استعمال کرینگے ۔ اپوزیشن پر بقا کی جنگ لڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیشتر جماعتیں انتخابات کے بعد اپنی مسلمہ حیثیت سے محروم ہوجائیں گی ۔ یہ جماعتیں اپنی بقا اور شناخت کی جنگ لڑ رہی ہیں ۔