اسلام آباد۔7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا نے کہا کہ ہندوستان کو چاہئے کہ مسئلہ کشمیر کے سیاسی اور سفارتی طریقہ سے حل نکالے۔ پاکستان پر انگلیاں اٹھانے اور اس کو گالیاں دینے کے بجائے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کا سیاسی جذبہ ہونا ضروری ہے۔ باجوا کل رات راولپنڈی میں منعقدہ یوم دفاع تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کے عوام کو خوشحالی کے لیے امن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایل او سی پر معصوم عوام کا ’’قتل‘‘ کرنے کا ہندوستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کو امن کا ایک موقع دیا جانا چاہئے۔ یہ ہندوستان کے ہی مفاد میں ہے کہ وہ کشمیر مسئلہ کا پائیدار حل تلاش کرے۔ اسے سیاسی یا سفارتی طریقہ کو ترجیح دینی ہوگی۔ پاکستان پر تنقیدیں کرنے سے اچھا ہے کہ وہ مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کرے۔ کشمیروں کے خلاف گولیوں کا استعمال ترک کرے۔ ان دونوں ملکوں کے لاکھوں عوام کی بہبود کا تعلق صرف مستقل امن سے ہے۔