ممبئی 2 جون (سیاست ڈاٹ کام ) الیکشن کمیشن کی جانب سے سینئر قائد سنجئے راوت کے مسلمانوں کو حق رائے دہی سے محروم کردینے کے تبصرے پر اظہار ناراضگی کے کئی ہفتے بعد شیو سینا نے آج کہا کہ تمام مسلمان جو ہندوستان کو اپنا مادر وطن سمجھتے ہیں تمام شہری حقوق کے مستحق ہیں۔ پارٹی کے ترجمان سامنا کے ایک اداریہ میں تحریر کیا گیا ہے کہ تمام ہندوستانی مسلمان جو ہندوستان کو اپنا مادر وطن سمجھتے ہیں اور جو ملک کی ترقی کیلئے اپنا خون پسینہ بہانے کیلئے تیار ہیں‘ ہمارے بھائی ہیں ۔ انہیں ہندوستان کے شہریوں کو حاصل تمام حقوق دیئے جانے چاہئے ۔ شیو سینا نے یہ بھی کہا کہ تاجر گھرانے کیلئے اس کا حصہ ہونے کی وجہ سے ایک نوجوان ذیشان خان کو ملازمت سے محروم کردینا غلط ہے صرف اس لئے کہ وہ مسلمان تھا ۔ شیو سینا نے اڈانی گروپ میں اس نوجوان کو ملازمت کے پیشکش کو ایک تشہیری حربہ قرار دیا۔ حال ہی میں ذیشان کو مسلمان ہونے کی وجہ سے ہر کرشنا ایکسپورٹرس میں ملازمت دینے سے انکار کردیا گیا تھا۔