کرناہار (مغربی بنگال) 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سوچھ بھارت ابھیان میں شرکت کرتے ہوئے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہاکہ ہر ہندوستانی کو روزانہ کم از کم دو گھنٹے یا سالانہ کم از کم 100 گھنٹے صفائی کی مہم کیلئے مختص کرنا چاہئے۔ ملک کو صاف ستھرا رکھنے کا عوام کو عہد دلواتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہاکہ اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا مؤثر طریقہ ہے۔ جس کے ذریعہ ہر شہری اپنے ملک کی خدمت کرسکتا ہے۔ علاوہ ازیں حکومت کو صفائی کے لئے پہل کرنی چاہئے۔ ہر ہندوستانی کو اِس مہم میں شامل ہونا چاہئے۔ صدرجمہوریہ نے کرناہار شیو چندرا ہائی اسکول میں اِس مہم میں حصہ لیا۔ اُنھوں نے یہیں سے اپنی اسکولی تعلیم کی تکمیل کی تھی۔ صدرجمہوریہ نے کہاکہ یہی ادارہ ہے جس نے اُنھیں سب سے پہلے صفائی کی اہمیت کا احساس دلایا تھا۔ اسکول کی عمارت کی دیواروں پر صفائی کے پیغامات تحریر تھے جو طلبہ کے ذہنوں پر نقش ہوجاتے تھے۔ صدرجمہوریہ میراٹھی سے کرناہار پہونچے تھے تاکہ اپنے آبائی مکان میں پوجا کرسکیں۔ یہاں پر اُن کی بڑی بہن اناپورنا بنرجی مقیم ہیں۔ یہ صدرجمہوریہ مقرر ہونے کے بعد پرنب مکرجی کی تیسری درگا پوجا تھی۔