ہندوستان کو سستی قیمت پر ٹماٹر کی سربراہی‘ نیپال کا پیشکش

چینائی۔10اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) نیپال ہندوستان کو سستی قیمت پر ٹماٹر سربراہ کرسکتا ہے جبکہ ملک میں ٹماٹر کی قیمت بے انتہا زیادہ ہوچکی ہے ۔ پڑوسی ملک کے وزیر برائے زرعی ترقیات ہری پرساد پرجولی نے کہا کہ جون تا نومبر ٹماٹر کی پیداوار کا موسم ہے ۔ پڑوسی ہمالیائی مملکت میں اس دوران ٹماٹر کی بہت زیادہ پیداوار ہوتی ہے ‘ چنانچہ ہم ہندوستان کو سستی قیمت پر ٹماٹر فراہم کرسکتے ہیں۔وہ ایک کانفرنس میں شرکت کیلئے چینائی کے دورہ پر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹماٹر کی قیمت ہندوستان میں 80روپئے فی کلوتک ہوچکی ہے ۔ ایسے حالات میں اُن کا ملک ہندوستان کی مدد کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم 20روپئے یا اس سے بھی کم قیمت میں فی کلوگرام ٹماٹر کثیر مقدار میں خریداری کی صورت میں فراہم کرسکتے ہیں۔ سربراہی بلارکاوٹ ہوگی ۔ وہ ایم ایس سوامی ناتھن ریسرچ فاؤنڈیشن کے زیراہتمام منعقدہ ایشیائے کوچک کانفرنس میں شرکت کیلئے آئے ہوئے تھے ۔