ہندوستان کو سائنس و ٹکنالوجی کے میدان میں نمایاں مقام

مدینہ پبلک اسکول میں یوم قومی سائنس ، سائنسدانوں کو تہنیت
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مارچ : ( راست ) : تلنگانہ سٹیزن کونسل اور مدینہ ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام ’ یوم قومی سائنس ‘ بنام سری وی رامن کی یوم پیدائش پر مدینہ پبلک اسکول منایا گیا ۔ جس میں سائنسداں ، طلباء و نوجوان اور تعلیمی اداروں سے وابستہ شخصیات اور دیگر سماجی ذمہ دار کے علاوہ طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ یوم قومی سائنس کے موقع پر کونسل نے سری وی رامن میموریل ایوارڈ 2017 محترمہ سجاتا گھوش سائنسداں انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (ISRO) حکومت ہند اور محترمہ ڈاکٹر اپرنا سین ، اسپیس ایس جی ، گروپ آف ہیڈ ڈسیٹانٹر ( اسرو ) کو ان کی تحقیقی سائنسی خدمات کے نتیجہ میں ایوارڈ سے نوازا ۔ اس موقع پر ان دونوں شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے پروفیسر رام چندرا ریڈی نے کہا کہ ہندوستان سائنس و ٹکنالوجی کے میدان میں نمایاں مقام پیدا کرچکا ہے اور امید اس بات کی ہے کہ وہ چند برسوں میں پہلا مقام دنیا بھر میں حاصل کرلے گا ۔ اس لیے طلباء و نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ سائنسی میدان میں تحقیقاتی کام کو جاری رکھیں ۔ پروفیسر سید رحمن ماہر طبیعیات و نظام کالج پرنسپل نے سائنسدانوں کو مبارکباد دی اور سائنس و ٹکنالوجی کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ کے ایم عارف الدین سکریٹری مدینہ ایجوکیشنل سنٹر نے کہا کہ مدینہ ایجوکیشنل سنٹر کو اس بات کا فخر حاصل ہے کہ یہاں پر تعلیم حاصل کرنے والے طلباء نے سائنسی علوم میں مہارت حاصل کی اور آج وہ ملک ہی نہیں بیرونی ممالک میں خدمات انجام دیتے ہوئے ملک کے نام کو روشن کررہے ہیں ۔ ڈاکٹر پی سروجا پرنسپل مدینہ جونیر ڈگری کالج ، وائی سویتا ریڈی ، روبینہ ، قدسیہ ، اونیتی کے علاوہ تلنگانہ سٹیزن کونسل کے صدر ڈاکٹر راج نارائن مدھیراج نے پروگرام کے لیے شب و روز محنت کی جس کے نتیجہ میں یہ پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوا ۔ جناب فاروق علی خاں ایر اسپیس فاونڈیشن صدر نشین نے بھی مخاطب کیا ۔ طلباء وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔۔