بیجنگ ۔ 26 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان اور چین کے مابین گرمجوشانہ روابط کا حوالہ دیتے ہوئے بیجنگ نے آج کہا کہ صدر امریکہ براک اوباما کے دورۂ ہند سے باہمی روابط پر معمولی اثر پڑے گا ۔ چین کا یہ موقف ہے کہ ہندوستان کو ایک اہم پارٹنر کی حیثیت سے اس کی ضرورت رہے گی ۔ اوباما کے دورۂ ہند کے موقع پر چین کا یہ دوسرا تبصرہ ہے ۔ سرکاری خبررساں ایجنسی زنہوا نے کہا کہ یقینا یوم جمہوریہ پریڈ میں اوباما نے انتہائی بااثر شخصیت کی حیثیت سے شرکت کی ہے لیکن اس سے چین اور ہندوستا ن کے دیرینہ روابط پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا ۔ کہا گیا ہے کہ اوباما کے دورے سے ہند ۔ امریکہ روابط میں مزید بہتری آئے گی لیکن اس سے بنیادی حقیقت تبدیل نہیں ہوسکتی کہ ہندوستان کو چین کی ضرورت لاحق رہے گی ۔